کورونا کی تیسری لہر نے دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے

شیعیت نیوز: کورونا کی تیسری لہر نے دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ یورپ کے کئی ملکوں میں کورونا کی نئی لہر کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔
کورونا کی تیسری لہرکے دوران بڑھتے کورونا کیسز کے پیش نظر جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا ہےکہ دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جانا ہو گا۔
میڈیا کے مطابق فرانس میں اس ماہ سے 16 علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا جب کہ پولینڈ میں کل سے 3 ہفتوں کے جزوی لاک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ برازیل میں کورونا کیسز کی صورتحال ابتر ہونے کے سبب ملک گیر لاک ڈاؤن کا مطالبہ زورپکڑنے لگا ہے۔
دوسری جانب کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر اسپین نے ایسٹرکی چھٹیوں میں سفری پابندیوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ادھربرطانیہ میں چھوٹی عمر کے بچوں کے لیےاسکول کھولنے سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یہ سال ’’ پیداوار ، مدد ، رکاوٹوں کو دور کرنے‘‘ کا سال ہے، آیت اللہ خامنہ ای
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے وسطیٰ یورپ اور بلقان ریجن میں کورونا کے پھیلاو کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی سینیئر ایمرجنسی آفیسر کیتھرینہ اسمال ووڈ نے کہا ہے کہ اس وقت ان علاقوں کو بدترین صورتحال کا سامنا ہے جو گزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں کورونا کے مقابلے میں کامیاب رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت وسطی یورپ اور بلقان کے علاقوں میں کورونا کے فعال مریضوں اور اموات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر برائے یورپ ہینس کلاگ نے اس موقع پر کہا کہ یورپ میں کورونا کی روک تھام کے لیے صرف ویکسینیشن سے کام نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے تین ہفتے کے دوران کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے جبکہ پچھلے سات روز کے دوران بارہ لاکھ لوگ کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے یورپی ممالک نے کورونا کی وجہ سے ملک گیر بندشیں عائد کر رکھی ہیں جبکہ بعض ممالک انہیں ختم کرنا چاہتے ہیں جو انتہائی خطرناک ہے۔