دنیا

بھارت: نئی دہلی فسادات پر اقلیتی کمیشن کی رپورٹ جاری

شیعت نیوز : بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے فسادات پر دہلی اقلیتی کمیشن نے رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق نئی دہلی فسادات مسلمانوں کے خلاف منظم منصوبہ بندی کے تحت ہوئے، جن کے دوران مسلمانوں کے قتل اور ان کی املاک کو نقصان پہنچانے میں پولیس بھی شامل رہی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہلی فسادات میں مسلمانوں کے گھروں، دکانوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، 11 مساجد، 5 مدارس، ایک درگاہ اور قبرستان پر حملہ کر کے انہیں نقصان پہنچایا گیا۔

پولیس کو مظاہرین کو منتشر کرنے کے نام پر مسلمان اکثریتی علاقوں میں تعینات کیا گیا، تاہم فسادات کے دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔

یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر، شوپیاں میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 3 کشمیری نوجوان شہید

نئی دہلی پولیس نے فسادات کے بعد انتہا پسندوں کو علاقوں سے نکلنے میں مدد کی، پولیس نے شرپسندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کیا اور تاخیری حربے استعمال کیے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نئی دہلی پولیس نے فسادات کا نشانہ بننے والے مسلمانوں پر ہی کشیدگی کا الزام دھرا۔

واضح رہے کہ نئی دہلی اقلیتی کمیشن نے سالِ رواں ہونے والے دہلی فسادات کی تحقیقات کے لیے مارچ میں 10 رکنی کمیٹی بنائی تھی۔ نئی دہلی میں 23 فروری کو شروع ہونے والے فسادات کے نتیجے میں 53 افراد ہلاک جبکہ 2سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ عروج پر ہے اور گذشتہ تین دن سے مسلسل 30 ہزار سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 10.38 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔اس سے قبل جمعرات کو 32695 اور جمعہ کو 34956 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

بھارتی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 34884 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 1038716 تک پہنچ گئی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button