دنیا

تمام رکن ممالک کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کا ساتھ دیں۔ انٹونیو گیوٹرش

شیعت نیوز : اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گیوٹرش نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کمشنر میشل باشلہ کی جانب سے کورونا وائرس میں مبتلا ممالک کے خلاف پابندیوں کو ختم کرنے کے بیان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے تمام ممالک سے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کورونا کے خلاف اقدام میں تعاون کریں۔

رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان دو چاریک نے نیویارک میں پریس بریفنگ کے دوران ایران اور وینزویلا کے خلاف امریکی پابندیوں کے خاتمے پر مبنی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کمشنر میشل باشلہ کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری جنرل نے تمام رکن ممالک سے کہا ہے کہ اس قسم کی صورتحال میں ایران کا ساتھ دیں۔

یہ بھی پڑھیں : انسداد کورونا مہم میں پابندیاں بڑی رکاوٹ ہے،آٹھ ممالک کا انٹونیو گوٹرس کے نام خط

دو چاریک نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گیوٹرش نے ایران کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونی گفتگو کی ہے کہا کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل دوسرے ممالک کی نسبت ایران کے لئے طبی وسائل بھیجنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور مسائل و مشکلات سے آگاہ ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کمشنر میشل باشلہ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اقوام متحدہ، ایران اور وینزویلا جیسے ممالک کے خلاف پابندی ختم کرنے یا کم از کم پابندیوں کو کم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ ان حالات میں ان ممالک کے نظام صحت متاثر نہ ہوں جو اس وقت کورونا سے بر سر پیکار ہیں۔

دوسری طرف دنیائے عرب کی نامور ثقافتی شخصیات اور شاعروں کی ایک بڑی تعداد نے ایک طومار پر دستخط کرکے امریکی ایران مخالف ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

جہان عرب کے کی نامور ثقافتی شخصیات کے ایک گروپ نے ایک طومار میں کسی بھی سیاسی تعصبات سے ہٹ کر ایران کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کو اٹھانے پر زور دیا۔

اس طومار میں آیا ہے کہ ہم سب کو مذہب، نژاد اور رنگ سے قطع نظر اس نازک حالات میں کورونا وائرس سے جنگ میں باہمی تعاون کرنا ہوگا۔

مراکش، عراق، فلسطین، لبنان، ہالینڈ، جرمنی، نکاراگوا، فرانس، بحرین، الجیریا، اسپین، برطانیہ، تیونس اور مصر کی نامور شخصیات نے اس طومار پر دستخط کئے۔

ایرانی محکمہ صحت کے مطابق اب تک ملک میں مجموعی طور پر 29406 افراد کورونا وائرس سے مبتلا ہوگئے ہیں جن میں سے 2234 افراد جاں بحق اور 10457افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button