اہم ترین خبریںپاکستان

تفرقہ بازی نے جہاں پاکستان کا نقصان کیا، وہیں اسلام کا بھی نقصان ہوا ، علامہ عبدالخالق اسدی

انہوں نے کہا کہ وحدت کانفرنس اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس میں تمام مکاتب فکر کیساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے قائدین اور زعماء بھی شریک ہوں گے۔

شیعت نیوز: امت کو اسلام دشمن قوتوں نے منتشر کیا، تفرقہ بازی نے جہاں پاکستان  کا نقصان کیا، وہیں اسلام کا بھی نقصان  ہوا۔ ایم ڈبلیو ایم کے تحت 17نومبر کو ایوانِ اقبال میں ہونیوالی ’’وحدت کانفرنس‘‘ اتحاد امت کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، امت کو ’’امتِ واحدہ‘‘ بنانے کیلئے تمام مکاتب فکر کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کانفرنس کی دعوت دینے کیلئے جانیوالے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم وحدت امت کیلئے کوشاں ہے اور اس حوالے سے ہمارے پاس ماہ مقدس ربیع الاول بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں سے ہم رسول کریم (ص) کی ذات مبارکہ پر تمام مکاتب فکر متحد کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وحدت کانفرنس اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس میں تمام مکاتب فکر کیساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے قائدین اور زعماء بھی شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ڈبلیوایم کی جانب سے علماءمشائخ اور سجادہ نشینوں کو وحدت کانفرنس کی دعوت کا سلسلہ جاری

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے وژن کی حمایت کرتے ہیں، ریاست مدینہ میں حضور نبی اکرم(ص) مسیحیوں کو بھی مسجد نبوی میں اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کرنے کی اجازت دیدی تھی جو وسعت قلبی کی عظیم مثال ہے۔

علامہ اسدی نے کہا کہ پاکستان میں بھی ایسا ماحول بنائیں گے کہ جہاں شیعہ سنی ایک دوسرے کی مساجد میں بلا خوف و خطر نماز پڑھ سکیں گے، پاکستان کی ترقی بھی اتحاد ملت میں مضمر ہے۔ انہوں کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ جن جن رہنماوں کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں انہیں وحدت امت کی ضرورت سے ضرور آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ علماء اس حوالے سے بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں، علماء جمعہ کے خطبات اور دیگر تقریروں میں قوم کو وحدت کا پیغام دیں اس سے جہاں بھائی چارے کو فروغ ملے گا وہیں معاشرے میں امن قائم ہوگا جس سے ملک ترقی کرے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button