اہم ترین خبریںپاکستان

دنیابھرکی طرح پاکستان میں بھی عالمی یوم علی اصغر ؑ پر معصوم بچوں کی عزاداری کے اجتماعات کا انعقاد

ایک اور خاتون نادیہ جبین نے کہا کہ یہ عہد ہے کہ ہم اگر کربلا میں ہوتیں تو اپنے بچوں کو امام حسین (ع) پر قربان کرتیں

شیعت نیوز: دنیا بھرکی طرح پاکستان بھر میں بھی محرم الحرام کے پہلے جمعہ کو ’’عالمی یوم حضرت علی اصغرؑ’’ کے عنوان سے منایا گیا۔پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، گلگت ،سکردو،پشاورمیں معصوم عزاداروں کی مجالس منعقد کی گئیں ۔ اس حوالے سے مرکزی تقریب قومی مرکز شادمان لاہور میں منعقد ہوئی جس میں خواتین کی کثیر تعداد اپنے شیر خوار بچوں کے ہمراہ شریک ہوئی۔ تقریب میں ماؤں نے اپنے بچوں کو سبز لباس پہنا رکھے تھے جبکہ بچوں کے ماتھے پر ’’لبیک یا امام زماںؑ‘‘ کی سرخ پٹی تھی۔

تقریب میں شریک خواتین نے اپنے بچوں کو راہ امام زماںؑ میں قربان کرنے کا عہد کیا۔ تقریب میں شریک ایک خاتون زہرا نے خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم علی اصغرؑ دراصل یوم نصرت امام وقتؑ ہے، ہم نے عہد کیا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو راہ علی اصغر پر قربان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم تجدید عہد ہے کہ ہمارے یہ بچے امامؑ کی فوج کے سپاہی بنیں گے اور اس عظیم مقصد کیلئے ہم خواتین بھی حضرت زینب (س) کے اسوہ پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عالمی یوم علی اصغرؑ 6 ستمبر بروز جمعہ کو منایا جائے گا

ایک اور خاتون نادیہ جبین نے کہا کہ یہ عہد ہے کہ ہم اگر کربلا میں ہوتیں تو اپنے بچوں کو امام حسین (ع) پر قربان کرتیں، ہم کربلا میں تو نہیں تھیں، مگر اپنے دور کے امام (ع) کیلئے ہم حاضر ہیں، یہ اولاد راہِ حسین (ع) میں قربان ہو تو اس سے بڑی سعادت اور کیا ہوگی۔ دیگر خواتین کا کہنا تھا کہ یہاں ایسی خواتین بھی شریک ہوتیں ہیں جو بے اولاد ہیں، وہ بھی اللہ رب العزت سے معصوم علی اصغر (ع) کے صدقے اولاد طلب کرتی ہیں اور اللہ کریم ان کی دعا کو مستجاب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا ننھا شہید حضرت علی اصغر باب الحوائج ہیں، اور ان کے وسیلے سے جو بھی دعا کی جائے رد نہیں ہوتی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button