کامیاب دھرنے کے ثمرات جاری، مزید 7شیعہ مسنگ پرسنز بازیاب، اہل خانہ سے ملاقات

11 مئی, 2019 13:07

شیعت نیوز: اسیران ملت جعفریہ کے خانوادگان کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ پر ہونے والے دھرنے کے ثمرات جاری ہیں۔ آج مزید 7شیعہ مسنگ پرسنز بازیاب ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے جبری گمشدہ 7شیعہ جوان بخیر وعافیت بازیاب ہو گئے ہیں۔ جس میں سے دو افراد اپنے گھروں کو جبکہ 5افراد کو گلشن معمار پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق آج بازیاب ہونے والے شیعہ نوجوان بابر حسین عابدی اور شبیہ الحسن کو 4اپریل 2019کو انچولی سوسائٹی سے جبری گمشدہ کیا گیا تھا۔آج دونوں جبری گمشدہ افراد بازیاب ہوکر بخیروعافیت اپنے اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں ۔

جبکہ دیگر پانچ بازیاب جبری گمشدہ افراد جن میں جون عباس ولد محسن امیرجنہیں گزشتہ ماہ بفرزون میں ان کی رہائش گاہ سے ، محمد منصور ولد محمد سلطان کو گلستان جوہر سے محمد علی ولد محمد حسن اور قربان علی ولد عبدل علی کو کراچی کے مختلف علاقوں سے جبری طور پر گمشدہ کیا گیا تھا جبکہ مظفرشاہ کو خیرپور سے جبری گمشدہ کیا گیا تھا۔ مظفرشاہ کے علاوہ باقی چاروں اسیرافراد کو گلشن معمار پویس کے حوالے کردیا گیا ۔

تمام بازیاب جبری شیعہ افراد کی ان کے اہل خانہ سے گلشن معمار تھانے میں ملاقات کروادی گئی ہے ۔ اسیران ملت کی ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے وقت انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ،ہر آنکھ اشکبار تھی۔

بعض عینی شاہدین کاکہناتھا کہ گزشتہ روز بازیاب ہونے والے 4شیعہ مسنگ پرسنز کی گلشن معمار پولیس اسٹیشن میں اپنے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر قیامت خیز مناظر دیکھے گئے ۔ ایک کہرام بپا تھا،ایسا محسوس ہورہا تھا کہ سامنے جوانوں کے لاشے پڑے ہوں ۔اس موقع پر پولیس حکام کی آنکھیں بھی نم ہو گئی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ13روز صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی کراچی میں موجود رہائش گاہ پر خانوادہ اسیران ملت جعفریہ کے جاری رہنے والے احتجاجی دھرنے کے اختتام پر کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں طے پایا تھا کہ مرحلہ وارتمام شیعہ مسنگ پرسنز کو پولیس یا عدالت کے سامنے پیش کیا جائے اوراب تک ان مذاکرات کی رو سے چار مسنگ پرسنز کل اورسات مسنگ پرسنز آج بازیاب ہوگئے ہیں ۔

8:20 صبح اپریل 29, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔