پاکستان

فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کسی صورت قبول نہیں ، علامہ ساجد نقوی

شیعہ علماءکونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ اسرائیل مسلسل فلسطینیوں پر ظلم و جارحیت روا رکھے ہوئے ہے، گولان پر بین الاقوامی اسرائیلی ڈاکے کو امریکہ کی جانب سے حق حاکمیت کے طور پر تسلیم کرنا نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بلکہ استعماریت کی واضح مثال ہے

شیعت نیوز: شیعہ علماءکونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ اسرائیل مسلسل فلسطینیوں پر ظلم و جارحیت روا رکھے ہوئے ہے، گولان پر بین الاقوامی اسرائیلی ڈاکے کو امریکہ کی جانب سے حق حاکمیت کے طور پر تسلیم کرنا نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بلکہ استعماریت کی واضح مثال ہے، مسلم حکمرانوں کو اب آنکھیں کھولنا ہونگی، اسرائیل و بھارت نے کشمیر و فلسطین میں ظلم و جارحیت کی تمام حدیں پھلانگ لیں، کچھ اسلامی ممالک کی جانب سے جارح ریاستوں کے سربراہوں کو خوش آمدید کہنا بھی تشویشناک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے فلسطین میں 30 مقامات پر بمباری کے دوران نہتے فلسطینیوں کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے واقعے پر اپنے رد عمل میں کیا۔ اسرائیل کی مظلوم فلسطینیوں پر مسلسل جارحیت، نہتے شہریوں پر بمباری عالمی ضمیر کےلئے سوالیہ نشان ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ امریکہ جو اسرائیل کی سرپرستی کےلئے جس طرح تسلسل سے کھل کر سامنے آ تا رہاہے اس سے کسی انصاف کی توقع بھی رکھنا فضول ہے، اقوام متحدہ خصوصاً اسلامی دنیا کو اب اپنی انسانی و ملی ذمہ داری نبھاتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے حل کےلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی جبری قبضے کو حق حاکمیت قبول کرنے کا اعلان بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور صیہونی لابی کی ننگی طرف داری ہے ، عالم اسلام اور تمام ذی شعور بین الاقوامی قوتوں کو چاہیے کہ وہ اس بین الاقوامی ڈاکے کو یکسر مسترد کردیں۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ حکومت پاکستان کو بھی قائد اعظم ؒ کے فرمودات کے مطابق مسئلہ فلسطین کو بین الاقوامی سطح پر اسی بھرپور سپرٹ سے اٹھانا چاہیے جیسا ماضی میں پاکستان کا دوٹوک اور واضح موقف رہاہے۔ مسئلہ فلسطین و کشمیر اسلامی دنیا کے سب سے پرانے اور انتہائی حل طلب مسائل ہیں ،پاکستان کو اس سلسلے میں بھرپور اور تیز ترین سفارتکاری کے ذریعے بین الاقوامی برادری تک اپنی آواز پہنچانا چاہیے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ کیونکہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور برصغیر میں انڈیا نے ظلم و جارحیت کی تمام حدیں پھلانگ دی ہیں البتہ اس ظلم کے باوجود کچھ اسلامی ممالک کی جانب سے ان جارح ریاستوں کے سربراہوں کو خوش آمدید کہنا بھی انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے دعوت دی کہ اس مرتبہ جمعة اولوادع کے دن یوم القدس بھرپور طریقے سے منایا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button