پاکستان

کوئٹہ ،دہشت گرد کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، اس کو نہیں چھوڑیں گے، وفاقی وزیر علی زیدی

شیعیت نیوز: وفاقی وزیرِ بحری امور سیدعلی حیدرزیدی ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے گذشتہ روز خودکش حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کی،وفاقی وزیر علی زیدی نے اس موقع پر لواحقین سے تعزیت کے علاوہ فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے جنت الفردوس میں اعلٰی درجات کے لئے دعا بھی کی اور زخمیوں کی اسپتال میں عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انفراسٹرکچر ٹھیک کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، وفاقی حکومت شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کی مدد کرے گی۔ علی زیدی نے کہا کہ جن ملکوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ہم سے بہتر ہیں وہاں بھی اس قسم کے واقعات ہو جاتے ہیں، لوگوں پر حملے کرنے والوں کا ذہنی توازن خراب ہوتا ہے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر کسی کو رعایت نہیں ملے گی، دہشت گرد کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، اس کو نہیں چھوڑیں گے۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو سکیورٹی اسٹیٹ سے نکال کر اقتصادی ریاست بنانا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے ہزارگنجی میں گذشتہ روز ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی تدفین ہوگئی ہے۔ شہداء کی تدفین شہر کے مختلف علاقوں میں واقع قبرستانوں میں کی گئی، جبکہ شہید ایف سی اہلکار کی میت گذشتہ روز ان کے آبائی علاقے کرک روانہ کر دی گئی تھی۔
 

متعلقہ مضامین

Back to top button