پاکستان

نئے پاکستان میں دہشت گرد عناصر کی کوئی جگہ نہیں ، وزیر اعظم عمران خان

شیعت نیوز:پاکستان کا جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں ہے، نئے پاکستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم پاکستان عمران خان نے  برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں کیا ۔ وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے اور پڑوسی ملک میں انتخابات سے قبل کچھ بھی ہوسکتا ہے۔انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے جیش محمد سے کوئی تعلقات نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ ماہ فروری میں پلوامہ کے علاقے میں بھارتی پیراملٹری پولیس پر حملہ کالعدم تنظیم جیش محمد کی جانب سے کیا گیا تھا۔عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جارحیت پسند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کو جنگ کے دہانے پر لے آئے۔تاہم ساتھ ساتھ عمران خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ان کے ’نئے پاکستان ‘ میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ’ہم دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پہلے سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف آج جو ہورہا ہے اس سے پہلی کبھی نہیں ہوا۔
وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ جب پلوامہ واقعہ ہوا اس وقت مجھے محسوس ہوا تھا کہ بھارتی حکومت اسے جنگی جنون پیدا کرنے کے لیے استعمال کرسکتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ بھارتی کے عوام کو اس بات کو سمجھنا چاہیے کہ یہ سب صرف انتخابات جیتنے کے لیے ہے، اس کا برصغیر کے حقیقی مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں مودی کی مسلمان مخالف حکومت اور سخت پالیسیوں کو پلوامہ حملےکا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں جیش محمد موجود ہے اور وہ 19 سالہ لڑکا جس نے خود کو دھماکے سے اڑایا وہ کشمیری تھا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس نوجوان کے والد نے کہا کہ سیکیورٹی فورس کے بعض مظالم کی وجہ سے اس نے ایسا کیا، اس واقعے میں بھارتی شہری تھا، بھارتی آپریشن ، بھارتی گاڑی، بھارتی دھماکا خیز مواد، پاکستان کو مورد الزام کیوں ٹھہرایا گیا؟۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کو جگہ بنانے کی اجازت نہیں دے گا اور ہم پلوامہ جیسی دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے مورد الزام ٹھہرائے جانا برداشت نہیں کرسکتے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button