پاکستان

کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے، پیرمعصوم شاہ نقوی

شیعیت نیوز: جمعیت علماء پاکستان (نیازی)کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کو مستقل پالیسی رکھنی چاہیے، بیرونی دباو پر کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی اور بعد میں ان کی سرپرستی دوغلا پن اور منافقت ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ کالعدم تنظیم کے سربراہ اور دیگر سرکردہ رہنماوں کو فورتھ شیڈول سے نکال کر 2018 کے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی جبکہ ہزاروں افراد کے قاتل اور ملک میں فرقہ واریت اور دہشتگردی پھیلانے کے موجد بننے والے لوگ راست اقدام کریں گے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر صحیح معنوں میں عمل کرنا چاہیے تاکہ دہشتگردی دوبارہ نہ پنپ سکے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین عسکری قوت ہے، جسے عالمی سازش کے تحت بھارتی فوج کیساتھ الجھایا جا رہا ہے، تاکہ افغانستان کے امن میں کردار ادا نہ کر سکیں، اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن نے بھارت کیساتھ جنگ نہ کرنے اور صرف دفاعی پوزیشن لینے کا فیصلہ کرکے قابل ستائش اقدام کیا ہے۔ جے یو پی کے سربراہ نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا جائے، اس وقت بھی پنجاب اسمبلی میں کالعدم تنظیم کی نمائندگی موجود ہے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ وہ حکومتی اتحادی بھی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button