او آئی سی اعلامیہ اعتماد میں نا لینے پر پاکستان کا احتجاج

شیعیت نیوز: او آئی سی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان نے اعتماد میں نہ لینے پر احتجاج کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا 46 واں اجلاس طلب کیا گیا تھا جو کہ ختم ہوگیا بعد ازاں دو روزہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ نے پڑھ کر سنایا، پاکستان نے اعلامیے پر اعتماد میں نہ لیے جانے پر احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
اختتامی سیشن میں پاکستان کے نمائندوں نے کھڑے ہوکر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی شرکت پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا جب کہ اسی وجہ سے پاکستانی وزیر خارجہ نے احتجاجاً شرکت کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
اعلامیہ میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے طور پر گرفتار بھارتی پائلٹ کی بھارت کو حوالگی کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لیے یہ ایک خوش آئند قدم ہے جس پر پاکستان کے وزیراعظم تعریف کے مستحق ہیں۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ممبرممالک میں تنازعات کو بات چیت اور افہام و تفہیم سےحل کیا جائے، تنازعات کا تصفیہ عالمی قوانین کےمطابق سفارتی کوشش سے حل کیا جائے اور ممبر ممالک ایک دوسرے کی آزادی اور سیکیورٹی کا احترام کریں جب کہ یمن تنازع کا سیاسی حل تلاش کرنا بھی وقت کی سب اہم ضرورت ہے۔