پاکستان

ملکی خارجہ پالیسی قائداعظم کے نظریات اور دستور پاکستان کے عین مطابق ہونا چاہئے،علامہ موسیٰ رضا جسکانی

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کی صوبائی کابینہ کا اجلاس صوبائی صدر علامہ موسیٰ رضا جسکانی کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس کے بعد ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ ملکی خارجہ پالیسی قائداعظم کے نظریات اور دستور پاکستان کے عین مطابق ہونا چاہئے، اقتصادی حالات بہتر بنانے، مہنگائی پر قابو اور غربت کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے، ملک میں موجود تمام مسالک آپس میں کوئی ٹکرائو نہیں رکھتے، اگر چند شرپسند عناصر اور گروہ ملک میں تفرقہ پیدا کرنا چاہتے ہیں تو حکومت ان کے خلاف اقدامات کرے، بنیادی شہری حقوق تمام شہریوں کو مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ شیعہ علماء کونسل استحکام پاکستان اور خوشحالی پر یقین رکھتی ہے، ہم تمام شہریوں کے حقوق کے لیے کوشاں ہیں، مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کی حفاظت شیعہ علماء کونسل کے دستور کا حصہ ہے، لہذا مساجد پر کسی بھی قسم کے ناجائز قبضہ کی کوشش کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی، اس معاملے میں انتظامیہ کی مداخلت ناقابل برداشت ہے، عزاداری ہمارے بنیادی حقوق میں سے ہے، اس پر کسی قسم کی قدغن ناقابل قبول ہے، عزاداری کے لیے ہمیں کسی پرمٹ یا اجازت کی ضرورت نہیں ہے، البتہ ہماری جماعت انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں سے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے اور تمام حفاظتی اقدامات کی تائید کرتی ہے۔ پریس کانفرنس میں صوبائی جنرل سیکرٹری رانا محمد حسین، علامہ نجم الحسنین خان، مولانا سید محمد شاہ، وفا عباس، میاں محمد شفیع، بشارت عباس قریشی، سید علی قاسم نقوی، سید اظہر عباس شیرازی، ذیشان حیدر اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button