پاکستان

آغا علی رضوی کا کھرمنگ مرکن میں گاڑی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے گزشتہ دنوں کھرمنگ مرکن میں گاڑی حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوٸے اس طرح کے سانحات کی تدارک کیلٸے اقدامات کا مطالبہ کردیا ہے۔ انہوں نے حادثے کا شکار ہونے والوں کیلٸے دعا کی اور جانحق ہونیوالوں کے لواحقین سے صبر کی تلقین کرتے ہوٸے قرار دیا کہ یہ سانحہ کٸی سوالات کو جنم لیتے ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کو ایسے واقعات پر بروقت اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

آغا علی رضوی نے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی حکومت اور انتظامیہ کھرمنگ اور دوسرے علاقوں میں سڑکوں کی معیاری تعمیر کو یقینی بناٸے۔ پہلی فرصت میں ہر ضلعے میں ریسکیو 1122 کا قیام عمل میں لایا جاٸے اور مقامی ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور سہولیات کی فراہمی کیلٸے بروقت اقدامات کریں۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے مزید کہا کہ کھرمنگ سمیت دوسرے علاقوں کی سڑکیں، خطرناک موڑ اور چڑھاٸیوں پر مشتمل ہیں، بھاری فنڈز مختص ہونے کے باوجود ان سڑکوں کی بہتر تعمیر ممکن نہ ہوسکنا حکومت، محکمہ تعمیرات اور مقامی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شدید برفباری کے باوجود سڑکوں سے برف ہٹانے کیلٸے انتظامات ناکافی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کھرمنگ مرکن کے مقام پر دو گاڑیوں کی ٹکراو کی وجہ سے پیش آنیوالے واقعے میں تین قیمتی جانیں جانبحق ہوگٸیں اور سات افراد زخمی ہوگٸے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button