پاکستان

سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان کے آئینی حیثیت کیس کی سماعت 7 جنوری کی تاریخ مقرر

شیعیت نیوز: سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان آئینی حیثیت کیس کی سماعت 7 جنوری کو مقرر کر دی گئی ہے، کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا سات رکنی لارجر بینج کریگا، چیف جسٹس ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ سے پہلے ہی اس کیس کے فیصلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جسٹس ثاقب نثار 18 جنوری کو سبکدوش ہو رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال چیف جسٹس ثاقب نثار نے گلگت بلتستان کا ایک ہفتے کا نجی دورہ کیا تھا، اس دوران انہوں نے مختلف عوامی اور سماجی سطح پر لوگوں کے مطالبات اور مسائل معلوم کئے تھے اور عوام نے چیف جسٹس سے آئینی حیثیت کے تعین کا پرزور مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد ثاقب نثار نے مختلف امور پر از خود نوٹس لینے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔

سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان سے متعلق 32 آئینی درخواستوں کی سماعت ہو رہی ہے، عدالت نے تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت شروع کی تھی، ان درخواستوں میں سب سے اہم سپریم کورٹ کے 1999ء کے فیصلے پر عملدرآمد کی درخواست بھی ہے، جو گلگت بلتستان بار کونسل کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ 1999ء میں الجہاد ٹرسٹ کیس میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے فیصلہ دیا تھا کہ وفاق چھ ماہ کے اندر اندر گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر صوبوں کے مساوی تمام حقوق کی فراہمی یقینی بنائے، عدالت نے اپنے فیصلے میں گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ بھی قرار دیا تھا، تاہم اس فیصلے پر بیس سال بعد میں عملدرآمد نہ ہوسکا، جس کیخلاف گلگت بلتستان کے وکلاء نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button