پاکستان

دہشت گردی کے خدشات ، لاہور سمیت پنجاب کے 5شہروں کو حساس قرار دے دیا گیا

شیعیت نیوز: کراچی اور ہنگو کے بعد دہشتگردوں کا اگلا ہدف لاہور ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور سمیت صوبے کے 5 شہروں کو حساس قرار دیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے کہا ہے کہ لاہور میں بھی دہشتگردی کے خدشات موجود ہیں۔ دہشتگرد اہم اور حساس مقامات پر خودکش حملے اور بم دھماکے کر سکتے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے پورے صوبے میں سکیورٹی کے حوالے سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خبردار کیا ہے کہ جن شہروں میں خود کش حملوں کا خدشہ ہے وہاں حملہ آور پیدل، موٹر سائیکل یا کار پر سوار ہوگا اور اس کی عمر 18 سال سے 23 سال تک ہو سکتی ہے۔ دہشتگرد سر پر ہیلمٹ پہنے ہوئے شلوار قمیض یا پینٹ شرٹ میں ملبوس ہو سکتے ہیں۔ محکمہ داخلہ کی اطلاعات کے بعد پنجاب پولیس کو چوکس کر دیا گیا ہے جبکہ اہم اور حساس مقامات کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ لاہور کے داخلی راستوں پر بھی اضافی نفری لگا دی گئی ہے جبکہ شہر میں ڈولفن فورس، پولیس رسپانس یونٹ اور دیگر فورسز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اگر وہ کوئی مشکوک گاڑی یا سرگرمی دیکھیں تو متعلقہ پولیس کو فوری اطلاع دیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button