پاکستان

جو کھیل کھیلا جارہا ہے پاکستان کے لئے خطرنا ک ہے،نواز شریف کی دھمکی

شیعیت نیوز: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی امیدوار قمر اسلام کی گرفتاری اور دیگر کی نااہلی کو الیکشن سے قبل دھاندلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے جس کو کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

لندن میں ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ دانیال عزیز کی نااہلی کو افسوس کے ساتھ دیکھتا ہوں کیونکہ کہیں دانیال عزیز کو نااہل کیا جارہا ہے تو کہیں شاہد خاقان عباسی اور کہیں قمرالاسلام کو نااہل کیا جارہا ہے اور ان کے بچے ان کے کاغذات نامزدگی جمع کرا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نیب، آر او اور دوسرے اداروں کی جانب سے کیا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، یہ بہت خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں اس صورت حال میں ہوں کہ سیاسی امور پر بات کرنے سے گریز کررہا ہوں اور اپنی بیوی کی صحت پر توجہ مرکوز کررہا ہوں کہ اللہ ان کو صحت و تندرستی دے لیکن یہ بھی ایک فرض ہے جس کو مجھے ادا کرنا ہے بلکہ قومی فرض ہے جس سے میں خود کو دور نہیں رکھ سکتا اور میری اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں کہا کہ یہ جو کھیل کھیلا جارہا ہے یہ پاکستان کے لیے ہمیشہ خطرناک ثابت ہوا ہے اور 1971 میں بھی یہ کھیل کھیلا گیا جب مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بنا تھا تو انھی وجوہات کی بنیادوں پر بنا تھا اور آج بھی ایسا ہی کھیل کھیلا جارہا ہے جو پاکستان کے لیے خطرناک نتائج لاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہے، ملک میرا ہے اور میں اپنے ملک کے ساتھ یہ سلوک نہیں دیکھ پا رہا اور برداشت نہیں کر پارہا ہوں کہ عوام کے مینڈیٹ کومروڑنے اور توڑنے کا سلسلہ شروع کردیا جائے کیونکہ قوم کو 25 جولائی کو جو فیصلہ کرنا ہے وہ دیوار پر لکھا ہوا دیکھ رہی ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button