ایران

امریکی تقلید سے بچنے کیلئے عالم اسلام کو علمی لحاظ سے مضبوط ہونا چاہئے آیت اللہ العظمی خامنہ ای

 آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے "علوم اسلامی کی پیدائش اور فروغ میں شیعہ کردار” پر مبنی بین الاقوامی اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں اتحاد، یکجہتی اور علمی پیشرفت و ترقی کو عالم اسلام کی اہم ضرورت قراردیتے ہوئے فرمایا: آج دنیائے اسلام کو علم کے تمام شعبوں میں سنجیدگی کے ساتھ ترقی اور پیشرفت کی ضرورت ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عالم اسلامی میں جاری بیداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: مغربی ممالک کی طرف سے اسلامی بیداری کو روکنے کے باوجود دنیا میں لوگوں کا رجحان اسلام کی طرف بڑھ رہا ہے جو تابناک مستقبل کا مظہر ہے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی دشمن کی دیرینہ سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: آج مسلمانوں کو ایکدوسرے کے قوی نقاط کو پہچان کر ان سے اسلامی اتحاد اور تعاون کو فروغ دینے میں مدد لینی چاہیے۔

انہوں نے اسلامی تاریخ میں اسلامی اور طبیعی علوم کے فروغ اور سربلندی کے سلسلے میں شیعوں کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسلام کے فروغ میں شیعہ آثار نے اہم اور گرانقدر حصہ ادا کیا ہے اور امت مسلمہ کو ان آثار کے بارے میں آگاہ کرنا چاہیے کیونکہ یہ آثار امت مسلمہ کے لئے افتخار اور یکجہتی کا باعث بنیں گے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای ای نے عالمی سامراجی طاقتوں کی منہ زوری اور عالم اسلام کے خلاف ان کی گھناؤنی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا: بہت سے اسلامی ممالک کے حکمراں عالمی سامراجی طاقتوں کی پیروی اور ہمراہی کرکے عالم اسلام کو نقصان پنہچا رہے ہیں اور ہمیں اس صورتحال کو علمی پیشرفت اور ترقی کے ذریعہ تبدیل کرنا چاہیےاور عالم اسلام کو ایک بار پھر انسانی تمدن کی بلندیوں تک پہنچانا چاہیے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button