امجد صابری قتل کیس، مرکزی دہشتگرد عاصم کیپری کی سزائے موت چیلنج
شیعیت نیوز: مشہور و معروف قوال امجد صابری کے قتل میں کالعدم لشکر جھنگوی کے سزا یافتہ دہشت گرد عاصم کیپری کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی سزائے موت سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق معروف قوال امجد صابری قتل کیس کے مرکزی اور سزا یافتہ دہشتگرد عاصم کیپری کی اہلیہ نے اپنے شوہر کو فوجی عدالت سے ملنے والی سزائے موت کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ عاصم کیپری کی اہلیہ نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 19 اپریل 2018ء کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز سے اپنے شوہر کی سزائے موت کی اطلاع ملی۔ فوجی عدالت کے فیصلے کی نقول کیلئے متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا، تاہم ٹرائل اور فوجی عدالت سے منتقل کوئی معلومات نہیں دی جا رہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میرے شوہر عاصم کا کسی دہشتگرد گروپ سے تعلق نہیں، اس لئے اس پر فوجی عدالت کا اطلاق بھی نہیں ہوتا، لہذٰا عدالت اپیل کے فیصلے تک فوجی عدالت کی سزا کالعدم قرار دے اور متعلقہ حکام کو سزائے موت دینے سے روکا جائے۔