شام پر حملہ ،فریقین اقوام متحدہ کے چارٹر کو پیش نظر رکھیں ،پاکستان
شیعیت نیوز: پاکستان نے امریکہ اور اس کے ا تحادیوں کی جانب سے شام پر حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی شام کی صورتحال پر گہری نظر ہے اور ہم تمام حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہفتے کی شب اپنے پہلے باضابطہ رد عمل پر وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان تمام فریقین سے مطالبہ کرتا ہے کہ کسی بھی اقدام سے پہلے اقوام متحدہ کے چارٹر کی حدود وقیود کو پیش نظر رکھا جائے۔ پاکستان کہیں بھی اور کسی بھی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتا ہے تمام قوتیں او۔ پی ۔ سی۔ ڈبلیو کے تحت مذاکرات اور معاہدہ کریں۔ ترجمان نے کہا کہ او۔ پی ۔ سی ۔ ڈبلیو کے تحت کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی شفاف تحقیقات کی ضرورت ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانی شامی عوام کے دکھ میں شریک ہے اور اس بات کی توقع رکھتے ہیں کہ تمام فریقین شام کے مسئلے کا جلد حل نکال لیں گے۔