لبنان

حماس وفد کی لبنانی صدر سے فلسطین کی تازہ صورت حال پر بات چیت

بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کےسیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق کی قیادت میں جماعت کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے اپنے دورہ لبنان کے دوران صدر میشل عون سے ملاقات کی۔لبنان میں میشل عون اور حماس کے وفد کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطینی دھڑوں حماس اور تحریک فتح کے درمیان مصالحت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، اسرائیلی ریاست کے مظالم، غزہ کی پٹی میں پرامن مظاہرین پر اسرائیلی حملوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں سے پیدا شدہ صورت حال اور لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر حماس کی قیادت نے لبنانی رہ نماؤں کو یقین دلایا کہ لبنان میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپوں کو بیروت میں بد امنی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عزت الرشق نے کہا کہ حماس لبنان کی ترقی، استحکام، امن اور خوش حالی کی خواہاں ہے۔ فلسطینی پناہ گزین کیمپوں کو لبنان کے داخلی بحران پر اثرا انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی پناہ گزین لبنان کے موجودہ سیاسی بحران میں کسی ایک فریق کے حامی یا مخالف نہیں۔ ہماری تمام تر توجہ القدس اور فلسطین کو آزاد کرانے اور صہیونی ریاست کے فلسطینیوں پر مظالم پر مرکوز ہیں۔ حماس کسی دوسرے عرب یا مسلمان ملک کے اندرونی مداخلت کی روادار نہیں۔

لبنانی صدر میشل عون اور اسپیکر نے حماس کی قیادت کویقین دلایا کہ ان کی حکومت اپنے داخلی بحرانوں کے باوجود فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق کی حمایت جاری رکھے گی اور لبنان میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ حماس کے وفد میں لبنان میں مقیم حماس رہ نما اسامہ حمدان اور اور جماعت کے مندوب علی برکہ شامل تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button