پاکستان

طالبان اور مجاہدین پاکستان نے نہیں بلکہ امریکا نے بنائے ،بلاول

شیعیت نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ طالبان اور مجاہدین پاکستان نے نہیں بلکہ امریکا نے بنائے اور امریکا نے ہی پاکستان کو زبردستی افغان جنگ میں دھکیلا۔ امریکی ٹی وی کو دیئے جانے والے انٹرویو میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے امریکی صدر کی پاکستان مخالف ٹوئٹ کے بارے میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 33 ارب ڈالر کا طعنہ دے کر ان سمیت تمام پاکستانیوں کے دل دکھائے ہیں۔ بلاول نے مزید کہا کہ امریکا نے مجاہدین کی مدد کے لئے پاکستان کو مجبور کیا، ان کی والدہ بینظیر بھٹو نے اس وقت کے صدر بش کو خبردار کیا تھا کہ امریکا نجی لشکر نہ بنائے۔ بلاول کے مطابق ان کی والدہ نے یہ بھی کہا تھا کہ ایسی بلا مت بنائیں جو بعد میں گلے پڑ جائے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے انٹرویو کے دوران یہ بھی کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اتنے امریکی نہیں مارے گئے جتنے پاکستانی شہید ہوئے، پاکستان نے ڈٹ کر دہشتگردی کا مقابلہ کیا اور اس میں نمایاں کمی کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان کا 75 فیصد علاقہ آج بھی افغان حکومت کے کنٹرول میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان، امریکا اور نیٹو فورسز مل کر بھی افغانستان سے دہشتگردی کا خاتمہ نہیں کر سکے لیکن وہ توقع کرتے ہیں کہ پاکستان تن تنہا دہشتگردی کا خاتمہ کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے استفسار کیا کہ ہمیں امداد نہ دینا امریکا کا حق ہے لیکن وہ کولیشن سپورٹ فنڈ کیسے روک سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button