دنیا

شام میں قائم روسی فوجی اڈے دہشتگردوں کے نشانے پر

دہشت گرد گروہ کی جانب سے شام میں قائم روسی فضائی اڈوں پر ڈرون حملے کئے گئے ہیں تاہم روسی افواج کی جانب سے بروقت کاروائی کے نتیجہ میں کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

روسی حکومت کے مطابق شام میں روس کے دو فوجی اڈوں پر 13 ڈرون حملے کئے گئے ہیں تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

تفصیلات کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہاہے کہ مغربی شام میں حمیمیم کے فوجی اڈے پر شدت پسندوں نے 10 ڈرون طیاروں سے حملہ کیا جبکہ 3 ڈرون طیاروں نے طرطوس کے فوجی اڈے پر حملے کئے تاہم ان حملوں میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

روس کی فوجی حکام کے مطابق بعض ڈرونز پر ان کے ریڈیو سگنلز کے ذریعے قابو پالیا گیا جبکہ دیگر ڈرونز کو طیارہ شکن میزائلوں سے تباہ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل روسی وزارت دفاع نے شام میں اپنے فوجی اڈے پر سات جنگی طیاروں کی تباہی کی تردید کی تھی۔

روسی خبر رساں ادارے کے مطابق 31 دسمبر کو حمیمیم فوجی اڈے پر حملے کی خبر دی گئی تھی جس میں ہوائی اڈے پر کھڑے سات جنگی جہاز تباہ ہوگئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button