دنیا

عالمی برادری صحافیوں کو تحفظ فراہم کرے:یو این

اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ ایک مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 11 برسوں کے دوران دنیا بھرمیں 900  صحافیوں نے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔

شیعت نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کی جانب سے جاری کردہ مکتوب ان کے ترجمان اسٹیفن دوگریک نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پڑھ کر سنایا۔یہ مراسلہ 2 اکتوبر کو جاری کیا گیا۔ خیال رہے کہ یہ دن صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے عالمی برادری پر صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کے خلاف جرائم کی روک تھام پر زور دیا ہے۔

خیال رہے کہ دو نومبر کو صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کا دن سنہ 2013ء میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یہ دن مالی میں دو فرانسیسی صحافیوں گیزلان ڈیبیون اور کلوڈ فیرلون کے مجرمانہ قتل کے بعد منایاجانے لگا ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت ’یونیسکو‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران قتل کیے گئے 90 فی صد صحافیوں کے قتل کی منصفانہ تحقیقات نہیں کی گئیں۔ یونیسکو کے مطابق 2016ء کے دوران ڈیوٹی پر مامور اپنے پیشہ وارانہ فرائض ادا کرتے ہوئے 102 صحافیوں کو قتل کیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button