پاکستان

لاپتہ شیعہ جوانوں کی بازیابی کا مطالبہ شدت اختیار کرگیا، مجالس کے بعد احتجاج

شیعیت نیوز: غیر قانونی طور پر اغوا کئے گئے شیعہ جوانوں کے لواحقین آج تیسرے روز بھی سراپا احتجاج تھے۔ اطلاعات کے مطابق غیرقانونی طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھ اغوا کئے گئے شیعہ افراد کے لواحقین نے آج جمعرات کی شب امام بارگاہ شاہِ کربلا ، اولڈ رضویہ سوسائٹی میں بعد مجلس عزا مظاہرہ کیا اور اپنے پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ کیا ۔

مظاہرین میں گمشدہ افراد کےمعصوم بچے، اہلِ خانہ اوردرد دل رکھنے والے سیکڑوں مومنین جمع تھے ۔ مظاہرین نے ریاستی اداروں کی جانب سے اس غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے لاپتہ افراد کو پیش کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بے گناہ شیعہ پاکستانیوں کی غیر اعلانیہ و غیر قانونی گرفتاریاں ا ور انہیں حبس بے جا میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

اس موقع پر احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان سے شیعہ جوانوں اور علماء کو گھروں سے اُٹھا کر غائب کیا جارہا ہے۔ ہمیں نہیں معلوم کہ وہ کس حال میں ہیں اور ان کا جرم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان جوانوں اور علماء کا کوئی جرم ہے تو انہیں عدالت میں پیش کر کے ان پر قانونی کاروائی کی جائے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ میں ملک بھر سے سینکڑوں شیعہ جوانوں اور علماء کو ان کے گھروں سے اُٹھا کر لے جایا گیا، جن کے متعلق آج تک کوئی خبر نہیں اور نہ ہی پاکستان کی کسی عدالت میں مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button