پاکستان

پاک-ایران تعلقات میں نیا موڑ، دارالحکومتوں کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز

شیعیت نیوز:  ایران کی نجی کمپنی ‘کیش ایئرلائن’ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے دارالحکومتوں کے درمیان پہلی بار براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا گیا جو دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے.

تفصیلات کے مطابق، کیش ایئرلائن کا ایئربس-321 طیارہ گزشتہ روز 46 مسافروں کو لے کر تہران سے اسلام آباد پہنچ گیا جس کے بعد یہ جہاز اسلام آباد سے مسافروں کو لے کر تہران واپس چلا گیا.

کیش ایئر لائن کی پرواز اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پاکستان میں قائم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کا ایک نمائندہ بھی شریک تھا.

پروگرام کے تحت کیش ایئرلائن کی پرواز ہفتے میں ایک دن (منگل) تہران سے اسلام آباد آئے گی اور اسی شام اسلام آباد سے تہران واپس جائے گی.

تہران اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز نے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدت زمینی سفر کو آسان بنادیا ہے. پاکستان سے ایران جانے کے لئے مسافروں کو 20 گھنٹے سے زائد زمینی طے کرنا پڑتا تھا مگر اب براہ راست پروازوں کے ذریعے یہ سفر تین گھنٹے میں پورا ہوگا.

کیش ایئر لائن کی پرواز کے آغاز سے ایران اور پاکستان کے درمیان موجودہ پروازوں کی تعداد چار ہوگئی ہے اس سے پہلے ‘ایران ایئر کمپنی’ کی جانب سے تہران اور کراچی کے درمیان ہر جمعرات کے روز پرواز چلائی جاتی ہے جبکہ ایران کی نجی کمپنی ‘تابان’ کی مشہد اور لاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کا عمل جاری ہے جبکہ حال ہی میں ایران کی مشہور کمپنی ‘ماہان ایئر’ نے بھی مشہد اور لاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا ہے.

توقع کی جاتی ہے کہ ایران اور پاکستان کے دارالحکومتوں کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز سے دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگا بالخصوص دونوں ممالک کی تاجر برداری اور کاروباری حلقوں میں مشترکہ سرگرمیوں کے لئے مثبت فضا قائم ہوگی.

تہران-اسلام آباد کی براہ راست پروازوں کے ذریعے سے پاک،ایران تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی.

متعلقہ مضامین

Back to top button