پاکستان

کوئٹہ، فائرنگ سے ایس پی مبارک شاہ سمیت 4 اہلکار جاں بحق

شیعیت نیوز: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سپرانٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) قائد آباد مبارک شاہ سمیت 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ کوئٹہ کے علاقے کلی دیبہ میں پیش آیا، جب مسلح افراد نے علاقے میں گشت کرتی پولیس موبائل پر فائر کھول دیا۔ پولیس کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد دوسری جانب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوع سے شواہد جمع کئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ واضح رہے کہ تاحال اہلکاروں پر فائرنگ کے اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ خیال رہے کہ بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں سینکڑوں لیویز، ایف سی اور پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق کلی دیبیہ کے قریب چند نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار زخمی اور چار پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی دیبیہ کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکارجاں بحق جبکہ ایس پی قائد آباد سمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں طبی امداد کے دوران ایس پی مبارک شاہ سمیت مزید دو اہلکار دم توڑ گئے۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں کئی پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔ چند روز قبل (10 جولائی) بھی صوبہ بلوچستان میں افغان سرحد کے قریب چمن کے علاقے میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) قلعہ عبداللہ ساجد خان مہمند کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں ڈی پی او سمیت 2 افراد شہید اور متعدد پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق خودکش دھماکے میں ڈی پی او قلعہ عبداللہ ساجد خان مہمند کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ خیال رہے کہ بلوچستان کی صوبائی انتظامیہ نے دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کر رکھا ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جا چکا ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ‘را’ ملوث ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button