پاکستان

عنقریب وزیراعلیٰ ہاو س کا گھیراو کریں گے، شیعہ علماء کونسل کا اعلان

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ لال شہباز قلندر کے عرس سے پہلے مزار پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، عرس سے پہلے قدیمی علم کے صحن سے رکاوٹیں ختم نہیں کی گئیں، تو ہم عنقریب وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے اور حالات کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ سانحہ درگاہ لال شہباز قلندر کو گزرے کئی ماہ ہو چکے ہیں، لیکن اب تک دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا جا رہا ہے اور عوام کو حقائق سے آگاہ بھی نہیں کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ پر سیکیورٹی کے نام پر مذہبی رسومات کو روکنا عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے، مزار پر ہونے والی مذہبی رسومات عوام کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ قدیمی علم گاہ کو سیکیورٹی کے نام پر بند اور زائرین کو زیارت و مراسم عزاداری سے روکنا سندھ حکومت کی طرف سے زیادتی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، عرس سے پہلے قدیمی علم کے صحن سے رکاوٹیں ختم نہیں کی گئیں، تو ہم عنقریب وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرینگے، اسی سلسلے میں کل سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، ہم کسی بھی صورت اپنے آئینی اور قانونی حق سے دستبردار نہیں ہونگے، انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عرس سے پہلے مزار کے داخلی راستوں سے رکاوٹوں کو ختم کیا جائے، سیکیورٹی انتظامات مزار کے صحن سے باہر کئے جائیں اور قدیمی علم گاہ کو زیارت کیلئے کھولا جائے، ہم نے سندھ بھر میں رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، عنقریب ہم وزیراعلیٰ ہاؤس پر کفن پوش احتجاجی مظاہرہ کرینگے اور حالات کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button