دنیا

لندن: سعودی جنرل پر انڈے سے حملے پر برطانوی حکومت کی معذرت

یمن خلاف جاری جنگ کی قیادت کرنے والے سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے خلیجی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل احمد اسیری پر گزشتہ ہفتے لندن میں انڈے سے حملہ کیا گیا تھا۔

برطانوی حکومت نے جنرل احمد اسیری پر انڈے کے ناکام حملے پر باقاعدہ معذرت کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے سعودی عرب کے وزیر دفاع اور سعودی بادشاہ کے بیٹے محمد بن سلیمان سے رابطہ کرکے معزرت کی ہے۔

دوسری جانب نشریاتی ادارے مڈل ایسٹ آئی ادارے نے ایک وڈیو جاری کی ہے، جس میں قیام امن کے لیے کام کرنے والے کارکنان جنرل احمد اسیری پرحملہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعودی جنرل کے دورے کے دوران کارکنان نعرے بازی کر رہے ہیں جبکہ ایک کارکن جنرل احمد اسیری کو پکڑنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم سعودی جنرل کارکن کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے کمرے میں داخل ہوجاتے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی جنرل پر پیچھے سے انڈہ اس وقت پھینکا گیا، جب وہ اندر کمرے میں داخل ہوچکے تھے لہذا وہ انڈے کی زد میں آنے سے بچ گئے تھے۔

خیال رہے کہ یمن میں سعودی عرب کی سربراہی میں خلیج ممالک کا فوجی اتحاد یمن کے خلاف گزشتہ 2 سال سے نام نہاد جنگ لڑ رہا ہے۔

اس جنگ میں ہزاروں عام شہری ہلاک جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں عرب اتحاد کی فضائی کارروائی شروع ہونے سے اب تک ساڑھے 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

جبکہ سعودی عرب کی سربراہی میں عرب اتحاد نے مارچ 2015 میں یمن کے خلاف فضائی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

خیال رہے کہ اس عرب اتحاد کو امریکہ اور برطانیہ کی بھی حمایت حاصل ہے اور اس میں 9 عرب ممالک شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button