ایران

فلسطین کا تیسرا انتفاضہ فلسطینی تاریخ رقم کرنے میں اہم ثابت ہوگا حضرت آيت اللہ العظمی سيد علی خامنہ ای

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں فلسطینی انتفاضہ کی حمایت میں چھٹی عالمی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں فلسطینی گروہوں کے رہنماؤں اور 80 ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں ، دیگر ممتاز دانشوروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے تہران میں فلسطینی انتفاضہ کی حمایت میں چھٹی عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: فلسطین کا تیسرا انتفاضہ فلسطینی تاریخ رقم کرنے میں اہم ثابت ہوگا جس میں اسرائیل کو ایک اور تاریخی شکست سے دوچار ہونا پڑےگا غزہ ناقابل تسخیر قلعہ ہے بظاہربعض دوست فلسطینی انتفاضہ کو منحرف کرنے کی تلاش و کوشش میں ہیں۔

رہبر معظم نے اپنے خطاب کے آغاز میں کانفرنس کے شرکاء سے کہا کہ آج امریکی مسلمانوں کے رہنما میلکم ایکس کی شہادت کی سالگرہ بھی ہے لہذا تمام حاضرین کرام اس شہید کے روح کے لئے سورہ حمد اور توحید کی تلاوت کرکے ثواب ہدیہ کریں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ہمیں مسئلہ فلسطین کی اہمیت سے غافل نہیں ہونا چاہیے مسئلہ فلسطین آج عالم اسلام کا اہم مسئلہ ہے۔ تمام حریت پسند مسلمان اور قومیں مختلف سلیقوں کے باوجود مسئلہ فلسطین کے بارے میں متحد اور متفق ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: فلسطینی مسلمانوں نے بہت سے مصائب اور آلام کا مقابلہ کیا ، کئي ملین فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکال کر آوارہ وطن کردیا گيا اور ان کے گھروں میں صہیونیوں کو دیگر ممالک سے لاکر آباد کردیا گيا ۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فلسطینی مسلمانوں کی حمایت اور مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے پر زوردیا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے خطے میں جاری دہشت گردی کو مسئلہ فسطین کو فراموش کرنے کے سلسلے میں امریکی صہیونی سازش کا حصہ قراردیتے ہوئے فرمایا: تمام فلسطینی گروہوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ قومی اور مذہبی اختلافات اور ملکوں کے اندرونی اختلافات سے دور رہیں اور تمام اسلامی ، مذہبی اور قومی تنظیموں اور اداروں کا فرض ہے کہ وہ فلسطینی عوام کو ان کے اہداف تک پہنچنے میں مدد فراہم کریں، اور اسلامی جمہوریہ ایران ان فلسطینی گروہوں کی حمایت اور مدد جاری رکھےگی جو فلسطین کے اعلی اہداف کی جانب گامزن ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے غاصب صہیونی حکومت کی تشکیل کو غیر علاقائی سازش قراردیتے ہوئے فرمایا: کسی بھی دور میں کوئي بھی قوم اتنی مظلوم واقع نہیں ہوئی جتنی فلسطینی قوم مظلوم واقع ہوئی ہے غیر علاقائی سازش کے تحت فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکال دیا گيا اور ان کی جگہ دیگر ممالک سے صہیونیوں کو لاکر آباد کردیا گیا حقیقی افراد کو ان کی سرزمین سے نکال دیا گیا اور جعلی و غیر حقیقی افراد کو لاکر ان کی جگہ آباد کر دیا گیا فلسطینیوں پر ظلم و ستم کو روا رکھا گیا ۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: تاریخ سے یہ ناپاک صفحہ بھی دیگر ناپاک صفحوں کی طرح پاک ہوجائے گا اور اللہ تعالی کا مظلوموں کی حمایت کا وعدہ سچا ثابت ہوگا۔ فلسطینی عوام استقامت اور پائداری کے نتیجے میں اپنے اہداف تک پہنچ جائیں گے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button