دنیا

برطانیہ کا سعودی عرب کو کلسٹر بم فراہم کرنے کا اعتراف

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک )حکومت برطانیہ نے سعودی عرب کو بھاری مقدار میں کلسٹر بم فراہم کرنے کا اعتراف کیا ہے جنہیں یمنی عوام کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔برطانوی وزیر دفاع مائیکل فالون نے کنزرویٹو رکن پارلیمنٹ فلپ ہولوبون کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ حکومت برطانیہ نے ، سعودی حکومت کے ساتھ انیس سو چھیاسی میں ہونے والے ایک معاہدے کے تحت، اسے بی ایل سات سو پـچپن قسم کے پانچ سو کلسٹر بم فروخت کیے تھے۔
ادھر رکن پارلیمنٹ ٹام بریک نے کہا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کلسٹر بموں کی فروخت اور ان کا جنگ یمن میں استعمال برطانیہ کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی عوام بے گناہ یمنی شہریوں کے قتل عام سے سخت نالاں ہیں اور حکومت برطانیہ کو اس وحشیانہ جنگ میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون فوری طور پر بند کر دینا چاہیے۔
حکومت برطانیہ نے سن دوہزار دس میں کلسٹر بموں کے استعمال پر پابندی کے معاہدے میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس معاہد کے تحت حکومت برطانیہ اس بات کی پابند ہے کہ وہ اپنے تیار کردہ تمام کلسٹر بموں کو ناکارہ بنائے اور دیگر ملکوں کو اپنے ساختہ کلسٹر بموں کے استعمال سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button