شام میں دہشت گردی کے خلاف تعاون کی ضرورت پر کریملن کی تاکید
رپورٹ کے مطابق کریملن کے ترجمان ڈیمٹری پسکوف نے شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو دہشت گردی سے مقابلے کے لئے روس کے ساتھ حقیقی تعاون انجام دینے کی غرض سے اپنے ٹھوس عزم کا اظہار کرنا چاہئے- پسکوف نے کہا کہ ماسکو داعش کے خلاف جنگ کے لئے روس اور امریکہ کے درمیان حقیقی تعاون انجام پانے کا خواہاں ہے اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی جنیوا میں اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ حال ہی میں ہونے والے مذاکرات میں اس ضرورت پر تاکید کی ہے-
شام کے بحران کے سلسلے میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے درمیان جمعہ کو سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں مذاکرات انجام پائے تھے-
لاوروف اور کیری کے درمیان بارہ گھنٹے تک انجام پانے والے مذاکرات میں ان گروہوں کے ساتھ تعاون منقطع کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے، جو خود کو اعتدال پسند مخالف تو کہتے ہیں لیکن جنگ بندی کے سمجھوتے میں شامل نہ ہونے والے دہشت گردوں کے ساتھ تعاون کرتے ہیں-
دہشت گردی کے خلاف تعاون کے لئے واشنگٹن پر ماسکو کی جانب سے مہینوں کے دباؤ کے بعد دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے جنیوا میں جنگ بندی کو قبول کرنے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے اعتدال پسند گروہ سے موسوم مسلح گروہوں کی فہرست کا تبادلہ کیا ہے-