اسرائیل کے ساتھ فوجی مشقوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی شرکت پر فلسطینیوں کی سخت نکتہ چینی
فلسطینی تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں ہونے والی ریڈ فلیگ فوجی مشقوں میں اسرائیل کے ساتھ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی شرکت، صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کو جائز قرار دیئے جانے کے مترادف ہے۔ اس بیان میں اسرائیل کے ساتھ فوجی تعلقات کو اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات معمول پر لائے جانے سے زیادہ خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ فوجی مشقوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی شرکت، عرب اور اسلامی امہ میں غم و غصے اور اشتعال کا سبب بنے گی اور اسے فلسطینیوں کی حمایت سے روگردانی تصور کیا جائے گا۔ کہا جا رہا ہے کہ ریڈ فلیگ نامی فضائی مشقیں، پندرہ سے چھبیس اگست تک امریکی ریاست نیواڈا میں ہوں گی۔ دی ایوی ایشنسٹ میگزین کے مطابق پاکستان کے چھے لڑاکا طیارے مذکورہ فضائی مشقوں میں حصہ لینے کے لئے پہلے ہی امریکہ کے نیلس ایئر فورس بیس پہنچ چکے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق مشقوں میں حصہ لینے کے لئے اسرائیل اپنے کارگو اور جیٹ دونوں طیارے بھیج رہا ہے۔ گزشتہ سال ایک صیہونی عہدے دار نے کہا تھا کہ یہ مشقیں، اسرائیل کو سفارتی پالیسی تشکیل دینے کے لئے ایک موقع فراہم کریں گی۔