عراق ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے: عراقی وزیرخارجہ
عراق کے وزیر خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ عراق ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے
عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ عراق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے ، عراقی سیکورٹی اور فوجی کمانڈروں سے تکفیری و صیہونی دہشت گرد گروہ داعش کے زیر کنٹرول علاقوں کو ان کے وجود سے پوری طرح پاک کرنے پر زور دیا – ابراہیم جعفری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی ایک ملک کی کامیابی پوری دنیا کی کامیابی ہے کیونکہ دہشت گردی پوری دنیا کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے- درایں اثنا داعش کے دہشت گردوں نے جو کار بموں کے ذریعے صوبہ الانبار کے الرطبہ شہر پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے ، ایک کار بم دھماکا کر کے تین پولیس اہلکاروں کو شہید اور پانچ کو زخمی کر دیا- صوبہ الانبار کے قبائل اور پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کا سخت مقابلہ کیا اور انھیں اور ان کی گاڑیوں کو شہر میں داخل نہیں ہونے دیا – اس دوران ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا اور وہ پسپائی اختیار کرنے اور پیر سر پر رکھ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے- درایں اثنا عراق کے جنگی جہازوں نے صوبہ صلاح الدین کے ضلع الشرقاط کے مغربی علاقے دبس مکحول میں داعش کے ٹھکانوں کو کئی بار نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے-