مقبوضہ فلسطین

مقبوضہ کشمیر، عالمی یوم قدس اور یوم کشمیر پر دنیا کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی

شیعیت نیوز: عالمی یوم القدس کے حوالے سے ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو پوری دنیا کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے اطراف و اکناف میں بھی یوم قدس طے شدہ پروگرام کے مطابق منایا گیا اور اس سلسلے میں مختلف ریلیاں نکالی گئیں اور فلسطین اور عالم اسلام کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے اہتمام سے عالمی یوم القدس اور یوم کشمیر کی مناسبت سے نماز جمعہ کے بعد اسرائیلی بربریت اور ظلم و ستم کے خلاف اور فلسطینی عوام و دنیا کے مظلوم و مقہور عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے پرامن احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس سلسلے میں چھتہ بل سرینگر میں نماز جمعہ کے فوراً بعد عوام کی ایک بڑی تعداد نے اسرائیل اور عالمی استعمار کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین اور احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ تھامے رکھے تھے اور احتجاجی امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد، استعمار مردہ باد اور اتحاد و اتفاق کے نعرے بلند کرتے ہوئے یہ پیغام دے رہے تھے کہ مسلمانوں کے خلاف کوئی بھی سازش امت اسلامی کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز کے ذریعے ہورہی ہلاکتوں پر بھی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خلاف بھی احتجاج کیا۔ روز قدس پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف ترتیب دئے گئے اس احتجاجی پروگرام اور جلوس کی قیادت اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری کر رہے تھے جو مسجد جامع سجادیہ، چھتہ بل سے نکالا گیا اور کرن نگر، کاک سرائے اور درش کدل سے ہوتا ہوا چھتہ بل میں اختتام پذیر ہوا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button