پاکستان

اگر کسی کا خیال ہے کہ امجد کی آواز بند کردی تو سنو ہم اور منقبت پڑھیں گے، بلال قطب

’’شیعیت نیوز: معروف اینکر سید بلال قطب نے شہید امجد صابر ی کی شہادت پر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقین نہیں آتا امجد چلا گیا، لگتا ابھی بلال بھائی بلال بھائی کہتا سیٹ کے کسی کونے سے نکلے گا اور گلے لگا لے گا۔ آنسو ہیں کہ رکتے نہیں ہیں۔ مجھ سے چھوٹا تھا عمر میں لیکن یقین کیجیٗے بہت سوں سے بہت بڑا تھا۔ کیا قصور تھا اس کا، کس نے مارا، کیوں مارا۔ اس کا تو کوئی دشمن نہیں تھا۔ وہ تو اللہ رسولﷺ اہل بیت و صحابہ رضوان علیہ، صوفیا سب سے محبت کرنے والا تھا۔ ظالمو کتنے میں مارا ہوگا اس کو۔ دس، بیس، تیس، پچاس ہزار یا لاکھ، دس لاکھ۔ ارے اس سے کہتے تو سہی اتنے پیسے تو وہ نام محمدﷺ پر وار کے دے دیتا۔ کتنے گھروں کا وہ سر پرست تھا۔ بیٹیوں سے محبت کرنے والا۔ چاہتا ایک سے ایک عالیشان گھر اور علاقے میں رہ سکتا تھا مگر اپنے لوگوں سے دور نہ گیا۔ ملک چھوڑ کے نہ گیا۔  مجھے یقین ہے میرے رسول صلی الله علیہ وآلہ وسلم  و آل رسول نے مسکرا کر امجد کا استقبال کیا ہوگا، رسولﷺ نے یقینا اسے اپنی کملی میں چھپا لیا لیکن اسے اور بارگاہ رسالت کے ایک پروانے کو تکلیف دینے والو، ایک وقت ایسا بھی آنے والا ہے تمہیں چھپنے کے لئے کوئی سایہ بھی نہیں ملے گا، اِس جہاں میں بھی اور اُس جہاں میں بھی۔ پتہ نہیں اخری کلام جو اس نے پڑھا، میں نہیں جانتا وہ اپنے لئے مانگ رہا تھا یا ہمیں دعا سکھا رہا تھا۔
 
میں قبر اندھیری میں گھبراؤں گا جب تنہا
امداد میری کرنے آ جانا رسول اللہ
روشن میری تربت کو ِللہ ذرا کرنا
جب وقتِ نزع آئے آقا دیدار عطا کرنا
اے سبز گنبد والے منظور دعا کرنا
جب وقتِ نزع آئے آقا دیدار عطا کرنا
مجرم ہوں زمانے کا محشر میں بھرم رکھنا
رُسوائے زمانہ ہوں کملی میں چُھپا لینا
رُسوائے زمانہ ہوں دوزخ سے بچا لینا
منظور دُعا میری مقبول خُدا کرنا
جب وقتِ نزع آئے آقا دیدار عطا کرنا

اگر کسی کا خیال ہے امجد کی آواز بند ہو گئی تو وہ بہت پڑی غلطی پر ہے۔ ہم اور زیادہ حمد پڑھیں گے، اور زیادہ نعت پڑھیں گے اور زیادہ منقبت کریں گے اور زیادہ پاکستان سے محبت کریں گے۔ دعا کریں بس اس کے لئے دعا کریں، اللہ آپ سب کو آسانی دے اور اپنی حفظ و امان میں رکھے۔

انا للہ و انا الیہ راجعون ۔‘‘

متعلقہ مضامین

Back to top button