ایران

امریکی اقدامات ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں، خطیب نماز جمعہ تہران

تہران کے خطیب نماز جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی نے امریکہ کے حالیہ اقدامات کو ایٹمی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

تہران کے مرکزی نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ موحدی کرمانی نے ایران کے ضبط شدہ اثاثوں کے بارے میں امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ اس اقدام سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ اپنے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ نہیں ہے اور اس پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے ایران کی وزارت خارجہ پر زور دیا کہ وہ مغربی ملکوں کے ساتھ مذاکرات کے دوران ایرانی عوام کے حقوق کی بالادستی کے لئے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائے۔

آیت اللہ موحدی کرمانی نے ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں مغربی ملکوں اور امریکہ کے شور شرابے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے انبار لگانے والے ممالک، ایران کے دفاعی منصوبوں کی مخالفت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے فراہم کردہ جدید ترین ہتھیاروں سے لیس سعودی فوجی، یمن میں بے گناہ عورتوں اور بچوں کا خون بہانے میں مصروف ہیں۔

تہران کے خطیب جمعہ نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکی دباؤ کے سامنے ہرگز سرتسلیم خم نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے میزائل پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے ہر قسم کی دھمکیوں اور پابندیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔

آیت اللہ موحدی کرمانی نے ایرانی محکمہ حج و زیارت کے حکام پر بھی زور دیا کہ وہ، سعودی حکام کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی حجاج کی سیکورٹی کی ضمانت حاصل کریں اور ایرانی حاجیوں کی توہین کی ذرہ برابر اجازت نہ دیں۔

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ حج کے تعلق سے سعودی حکام کے اقدامات امریکہ اور اسرائیل کے عزائم کی تکمیل اور اسلامی و قرآنی تعلیمات کے سراسر منافی ہیں۔

آیت اللہ موحدی کرمانی نے نماز جمعہ کے پہلے خطبے میں، مولائے متقیان حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے یوم ولادت کی مبارک باد بھی پیش کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button