دنیا

دہشت گردوں کے لئے امریکا کی اسلحہ جاتی مدد

امریکا اپنی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ذریعےشام میں القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے لئے بدستور ہزاروں ٹن ہتھیار ارسال کررہا ہے

فوجی معاملات سے متعلق برطانیہ کے انفارمیشن گروپ جینز نے ایف بی او ویب سائٹ پر شائع ہونے والی دستاویز کے حوالے سے خبردی ہے کہ اس ویب سائٹ نے پچھلے دو مہینے کے دوران اپنے دو اعلامیوں میں یہ اطلاع دی تھی کہ امریکی بحریہ، مشرقی یورپ سے اردن کی عقبہ بندرگاہ کے لئے گولہ بارود اور ہتھیار ارسال کرنےکے لئے ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی تلاش میں تھی – ایف بی او نے تین نومبر دوہزار پندرہ کو اپنے پہلے اعلامیئے میں بتایاتھا کہ امریکی بحریہ کی ہتھیاروں کی سپلائی سے متعلق کمان ، رومانیہ کے شہر کونستانسا شہر سے اکیاسی کینٹینر گولہ بارود،دھماکہ خیز مواد اورمختلف قسم کے ہتھیاروں کی کھیپ، اردن کی بندرگاہ عقبہ بھیجنے کے لئے ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کی تلاش میں تھی ۔ ایف بی او نے جو دستاویزشا‏ئع کی تھی اس کے مطابق عقبہ بندرگاہ بھیجے جانے والے ہتھیاروں اور گولہ بارود میں اے کے سینتالیس کلاشنکوف ، کثیرالمقاصد مشین گنیں ، دوشکا بھاری مشین گنیں ، آرپی جی اور ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل شامل تھے- اس رپورٹ کے مطابق یہ بحری جہاز تقریبا ایک ہزار ٹن ہتھیار اور گولہ بارود لے کر پانـچ دسمبر دوہزار پندرہ کو رومانیہ کے ساحلی شہر کونستانسا سے روانہ ہوا – یہ سارے ہتھیار اور گولہ بارود بلغاریہ ، کرویشیا اور رومانیہ کے بنے ہوئے تھے۔ خبروں کے مطابق ہتھیاروں سے لدا ہوا یہ بحری جہاز ترکی کے علاقے آقالار کے بحری فوجی ٹرمینل کی جانب روانہ ہوا اور اس کے بعد وہ اردن کی عقبہ بندرگاہ پہنچا – خبروں میں بتایا گیا ہےکہ دوسرا بحری جہاز فروری دوہزار سو لہ کے آخری دنوں میں دوہزار ٹن ہتھیار اور گولہ بارود لے کر اسی راستے سے اردن کی عقبہ بندرگاہ پہنچا – واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی شام میں سرگرم دہشت گردگروہوں اور دیگر مخالف مسلح گروہوں کے لئے امریکا کی اسلحہ جاتی مدد اور حمایت کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں – امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بھی چندروز قبل لکھا تھا کہ امریکا، شام میں مخالف مسلح گروہوں کی حمایت کے لئے سعودی عرب کے پیسوں پر پوری طرح منحصرہے – یادرہے کہ شام میں مارچ دوہزارگیارہ سے ہلاکت خیز بحران کا سلسلہ جاری ہے – امریکا ، مغرب ، اور علاقے کی بعض عرب حکومتوں کے حمایت یافتہ دہشت گردگروہوں نے شام میں بے شمار انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور دہشت گردوں کے ذریعے شام پر مسلط کی گئی اس جنگ میں اب تک لاکھوں افراد مارے جاچکے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ شامی باشندے اپنے گھروں سے بے گھر ہوچکے ہیں – سعودی عرب، قطر، ترکی اور علاقے کی بعض دیگر عرب حکومتیں عراق اور شام میں دہشت گرد گروہوں کی پوری طرح حمایت کررہی ہیں –

متعلقہ مضامین

Back to top button