پاکستان

وزیر اعظم نواز شریف ایرانی صدر کے دورے کے منتظر

 شیعیت نیوز: وزیر اعظم نواز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی کےآئندہ دورے سے باہمی تعلقات کو تقویت ملے گی۔

نواز شریف نے پیر کو دورے سے قبل ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات میں کہا کہ وہ اس ہفتے صدر روحانی کی آمد کے منتظر ہیں ۔’اس دورے سے ہمیں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا‘۔

صدر روحانی 26 اور 25 مارچ کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر ان کے وفد میں اعلی سطحی سیاسی قیادت اور تاجر برادری ساتھ ہو گی۔

نواز شریف نے کہا ’ہم تجارت اور کاروباری تعاون میں اضافے کیلئے علاقائی روابط کو فروغ دینے کے اپنے ایجنڈے پر عملدرآمد پر توجہ دے رہے ہیں‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارت کے شعبے میں تمام دستیاب مواقع بروئے کار لرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

مہدی ہنردوست نے کہا ’ہمیں مئی 2014 میں ان کے دورے کے دوران صدر روحانی کے ساتھ ملاقات میں مقرر کئے گئے پانچ ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کیلئے کوششوں کو دوگنا کرنے کیلئے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے‘۔

خیال رہے کہ چار سالوں میں یہ کسی ایرانی صدر کا پہلا پاکستان دورہ ہو گا۔

اس سے قبل صدر محمود احمدی نژاد فروری، 2012 اسلام آباد میں منعقدہ سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button