پاکستان

ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر ملکی سیکیورٹی کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے، نیشنل کمانڈ اتھارٹی

وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے اجلاس میں خطے میں روایتی اور اسٹریٹجک ہتھیاروں میں اضافے پر اظہار تشویش کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر ملکی سیکیورٹی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں وزیر اعظم کی زیرصدارت اجلاس میں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں سروسز چیفس اور وفاقی وزرا نے شرکت کی، اجلاس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا، اتھارٹی نے خطے میں روایتی اور اسٹریٹجک ہتھیاروں میں اضافے پر اظہار تشویش کیا۔ اتھارٹی نے ملک کی کم سے کم ایٹمی صلاحیت کو خطے میں توازن رکھنے کی وجہ قرار دیا اور کہا کہ خطے کے امن اور سیکیورٹی کے لیے تحفظات ہیں، ملکی دفاع کیلئے کم سے کم ایٹمی صلاحیت برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر ملکی سیکیورٹی کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔ اتھارٹی نے بیلسٹک اور کروز میزائل تجربات میں سائنسدانوں اور انجنئیرز کی کارکردگی کی تعریف کی، اجلاس میں ایٹمی اثاثوں کی سیکیورٹی میکنزم کا مکمل جائزہ لیا گیا، شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں اسٹریٹجک تحمل کی فضا کا حامی ہے اور پاکستان ذمہ دار ملک کے طور پر ایٹمی ہتھاروں کے عدم پھیلاؤ اور سیکیورٹی کے اصولوں پر کاربند رہے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button