پاکستان

سعودی عرب کے خلاف احتجاج پر ایک شخص گرفتار

شیعیت نیوز: سعودی عرب کے خلاف احتجاج کرنے اور ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا.

پولیس کے مطابق بدھ کو ڈپلومیٹک انکلیو کے قریب شمس گیٹ پر چند درجن لوگ جمع ہوئے اور انھوں نے مسئلہ کشمیر اور سعودی عرب کے خلاف احتجاج کیا.

کچھ لوگوں نے پلے کارڈرز اٹھا رکھے تھے جن پر سعودی عرب کے خلاف نعرے درج تھے.

ان مظاہرین کو پولیس نے منتشر کردیا کیوں کہ شہر میں اس قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے تاہم پولیس کے مطابق ایک شخص وہاں موجود رہا، جس کا نام سید ناصر مہدی بتایا گیا.

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نے وہاں سے جانے سے انکار کیا اور ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہوکر سعودی سفارت خانے کی جانب جانے کی کوشش کی، باوجود اس کے کہ اسے اس حوالے سے خبردار کیا گیا تھا کہ انکلیو کے اندر جانے اور احتجاج پر پابندی ہے.

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نے انکلیو کی دیوار پھلانگی اور سعودی سفارت خانے کی جانب دوڑ لگادی.

تاہم اسے انکلیو کے اندر ہی پولیس اہلکاروں نے پکڑ لیا اور سیکریٹریٹ تھانے منتقل کیا گیا جہاں مذکورہ شخص کے خلاف کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 144 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی.

مذکورہ شخص کو بعد ازاں عدالت میں پیش کیا گیا اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا.

متعلقہ مضامین

Back to top button