پاکستان

ایس یو سی نے بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے کو ملتوی کرنیکا مطالبہ کر دیا

شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے صوبے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 دسمبر کو چہلم سیدالشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے احترام اور خود انتظامیہ کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اسے کم از کم 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دیا جائے۔ لاہور میں صوبائی عزاداری کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ بارہا مطالبہ کیا گیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل کو 2 ماہ کیلئے ملتوی کر دیا جائے مگر حکومت اور الیکشن کمشن نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہداء کربلا سے منسوب دونوں مقدس مہینوں محرم الحرام اور صفرالمظفر میں انتخابات کو جاری رکھا ہے، بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ 19 نومبر کو ہونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں میں مجالس اور جلوس ہائے عزا جاری رہتے ہیں جبکہ 3 دسمبر کو 20 صفر المظفر چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہداء کربلا ہے، اس دن پولنگ نہ کروانا خود حکومت اور انتظامیہ کیلئے بھی مفید ہوگا چونکہ چہلم کے جلوسوں کے انتظامی اور سکیورٹی امور میں پولیس اور سول انتظامیہ کے ساتھ رینجرز اور فوج بھی مصروف ہوگی، اس لئے ان کیلئے تیسرے مرحلے کے انتخابات کو کم از کم 2 ہفتے کیلئے ملتوی کر دیا جائے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل کا ایک وفد الیکشن کمشنر پنجاب مسعود ملک سے اس حوالے سے عنقریب ملاقات کرکے انہیں ملت جعفریہ میں پائی جانیوالی تشویش سے آگاہ کرے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button