پاکستان

جامعہ کراچی میں یوم حسین کا انعقاد، ہزاروں طلبہ و استاتذہ کی شرکت

 
جامعہ کراچی میں دفتر مشیر امور طلبہ اور و امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام سالانہ عظیم الشان یوم حسین ؑ کا انعقاد جامعہ کراچی میں پارکنگ ایریا نزد آرٹس لابی صبح ساڑھے گیارہ بجے کیا گیا تھا ، جس میں امور مشیر طلبہ ڈاکٹر انصر رضوی، جامعہ کراچی ٹیچرزسوسائٹی کے صدر ڈاکٹر جمیل کاظمی ، جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر تنویر عباس ، آئی.ایس.او کراچی ڈویژن کے صدر یاور عباس سمیت اساتذہ و طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔یو م حسین ؑ کی صدارت شیح الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر قیصر خان نے کی ۔جبکہ شرکا ء یوم حسین ؑ سے خصوصی خطاب حجتہ السلام علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کیا۔ اس موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی ، علامہ حامد حسین مشہدی اور علامہ وقاص ہاشمی نے خطاب کیا۔

یوم حسین ؑ میں شریک طلباء و طالبات سے اپنی صدارتی خطاب میں ڈاکٹر محمد قیصر خان کا کہنا تھا کہ فکرِ حسینی کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔حسینی فکر ،حق کی سر بلندی اور انصاف کی خاطر ،جہدوجد کرنے کا نام ہے۔آج بھی یزیدی عناصر موجود ہے۔ یزیدیت برے اعمال کا نام ہے۔ان کا مزید کہناتھا کہ تمام عالم اسلام اس وقت انتشار کا شکار ہے اور عالم اسلام کی حالات میں بہتری لانے میں طلباء و طالبات کو اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔ اس موقع پرخصوصی خطاب کرتے ہوئی علامہ شہنشاہ حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ہر بیدار ضمیر امام اعلی مقام حضرت امام حسین ؑ کی یاد کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ دور حضرت آدم ؑ سے آج تک بقاء انسانیت کی خاطر حق و باطل کی جنگ جاری ہے۔ تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ معرکہ ء حق و باطل میں طاقت کے روز پر کامیاب ہونے والے، ہمیشہ ناکام ہوئیں ہے ۔ واقع کربلا نے تاقیامت حق و باطل کے درمیان ایک لکیرقائم کر دی ہے۔ فکر حسینی ؑ عام کر کے دہشتگردی کو شکست دی جاسکتی ہے۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ باب العلم کے ماننے والوں کا تقدس تعلیم ہونا چاہیئے۔ نوجوانی کی تعلیم کیساتھ کیساتھ تربیت کی اعلی ترین درس گاہ کربلا ہے۔ دہشتگرد عناصر جامعات کے طلباء و طالبات کو اپنے مقاصد کی خاطر استعمال کر رہے ہیں۔جامعات میں پرورش پانے والے دہشتگردوں کے خلاف انتظامیہ کاروائی کریں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر کا کہناتھا کہ امام حسین ؑ کی قربانی کا مقصد دین محمدﷺ کی سر بلندی تھا۔جامعات میں یوم حسین ؑ کاانعقاداس بات کا ثبوت ہے کہ حسینیت فرقہ واریت نہیں بلکہ اتحادِبین المسلمین کا ذریعہ ہے۔ اسلام میں دیگر مذاہب کی توہین جائز نہیں ہے بلکہ ایسا کرنے والا خارجی ہے۔یوم حسین ؑ میں خطاب کرتے ہوئے علامہ وقاص ہاشمی کا کہناتھاکہ یزید ایک شخص کا نام نہیں بلکہ ایک طرز فکر کا نام ہے۔ہمیں حسینیت عام کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔اس موقع پر علامہ حامد حسین مشہدی نے بھی خطاب کیا۔ یوم حسین ؑ کے دوران طلباء و طالبات نے نوحہ ، سلام و مرثیے کے ذریعے امام اعلی مقام حضرت امام حسین ؑ اور الشہیداء کربلا کی بارگاہ میں نظرانہ عقیدت پیش کی۔جبکہ شرکا ء یوم حسین ؑ کیلئے مختلف طلباء تنظیموں کی جانب سے سبیل امام حسین ؑ کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button