پاکستان

کالعدم تنظیموں کے افراد بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے، سندھ اپیکس کمیٹی

کراچی (شیعت نیوز) سندھ کی اپیکس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے میں کام کرنے و الی تمام این جی اوز اور سیکورٹی کمپنیوں کی سیکورٹی کلیئرنس ہوگی، این جی اوز کی میپنگ اور دینی مدارس کی جیوٹریکنگ کی جائے گی ، دینی مدارس کے لئے حکومت اور مذہبی تنظیموں کی 10؍ رکنی کمیٹی ضابطہ اخلاق تشکیل دے گی، کراچی میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد کو دگنا کیا جائے گا ، 5میگا پکسل کے مزید ڈھائی ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونگے ، کالعدم تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کالعدم تنظیموں سے وابستہ افراد بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے، چینی باشندوںکی سیکورٹی کے لئے خصوصی فورس تشکیل دی جائے گی۔ سندھ کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی خصوصی طور پرشرکت کی۔ اجلاس میں کور کمانڈ کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات اور تعلیم نثار احمد کھوڑو نے اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اپیکس کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا کہ سندھ میں انٹرنیشنل این جی اوز کو وفاقی حکومت جبکہ مقامی این جی اوز کو سندھ حکومت میں رجسٹرڈ کرایا جائے گا، تمام این جی اوز کی سیکورٹی کلیئرنس ہوگی، ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی، ان کے مالی لین دین کی مانیٹرنگ ہوگی اور ان کا باقاعدہ آڈٹ کیا جائے گا، تمام این جی اوز کا ڈیٹا نادرا کو مہیا کیا جائے گا، ان کی میپنگ بھی کرائی جائے گی تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ کون سی این جی اوز کہاں کام کررہی ہے۔ اپیکس کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ جن اسلحہ لائسنسز کی مقررہ مدت میں تجدید یا کمپیوٹرائزیشن نہیں ہوئی، وہ اسلحہ لائسنس منسوخ ہوں گے۔ سندھ میں کام کرنیو الی 257؍ سیکورٹی کمپنیوں کو اپنی سیکورٹی کلیئرنس کرانا ہوگی۔ یہ کمپنیاں سیکورٹی گارڈز کی پولیس سے ٹریننگ کرائیں گی اور ٹریننگ کے اخراجات خود برداشت کریں گی۔نثار احمد کھوڑو نے بتایا کہ 257؍ میں سے 67؍ سیکورٹی کمپنیاں اپنی دوبارہ تصدیق کراچکی ہیں اور باقی کمپنیوں کو بھی اسی عمل سے گزرنا پڑے گا۔ اپیکس کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ سندھ میں کام کرنے والے چین کے باشندوں کی حفاظت کے لئے خصوصی فورس بھی قائم کی جائے گی۔ اپیکس کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ دینی مدارس کا ضابطہ اخلاق تشکیل دینے کے لئے ایک دس رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں حکومت اور مذہبی تنظیموں کے پانچ پانچ نمائندے شامل ہوں گے۔ تمام مدارس کی رجسٹر یشن کی جائے گی اور ان کی جیو ٹریکنگ بھی ہوگی۔ مدارس کے بچوں کے یونیفارم بھی ہوں گے۔ دینی مدارس میں داخلہ لینے والے غیر ملکی طلباء کے لئے یہ شرط عائد کردی گئی ہے کہ وہ پاکستانی ویزا لینے سے پہلے بتائیں گے کہ ان کا داخلہ کس مدرسے میں ہوا ہے۔ نثار احمد کھوڑو نے بتایا کہ سندھ میں کل 9؍ ہزار 590؍ مدارس ہیں۔ ان میں سے 6500؍ رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ باقی کو بھی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ عیدالاضحی کے موقع پر کسی بھی کالعدم تنظیم کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم جن فلاحی تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت ہوگی، سندھ میں موجود غیر ملکی تارکین وطن کی رجسٹریشن کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ افغان تارکین وطن کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے تارکین وطن کو بھی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ اپیکس کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ سندھ میں ہونے والے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کالعدم تنظیموں کے لوگوں کو حصہ نہیں لینے دیا جائے گا اور اس حوالے سے سخت نگرانی کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ کراچی میں غیر معمولی حالات ہیں، اس لئے پولیس کی مدد کے لئے رینجرز کو تعینات کیا گیا ہے۔ آپریشن کے اگرچہ مثبت نتائج ملے ہیں لیکن کچھ لوگ ماحول بگاڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سندھ میں نیب اور ایف آئی اے کی کارروائیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے سوموٹو کارروائی نہیں کرسکتے اور نہ ہی انہیں اس کا اختیار ہے۔ اگر ان کے پاس کوئی ریفرنس بھیجتا ہے تو وہ کارروائی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی آفتاب عالم کے قاتل پکڑے گئے ہیں۔ ہم وزیراعلیٰ سندھ سے یہ درخواست کریں گے کہ ان کے ورثاء کو معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید علی نواز شاہ کو نیب کی طرف سے سزا پر دکھ ہوا ہے۔ وہ انتہائی شریف اور ایماندار آدمی ہیں۔ ان کی سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کمنٹس دینا درست نہیں ہیں کہ سندھ میں معاشی لوٹ مار ہورہی ہے۔ اگر کوئی بات ثبوت کے ساتھ ہے تو کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو احتساب کرنا ہے تو وہ بلا امتیاز ــ’’عمودی اور افقی‘‘ احتساب کرے اور اپنے گھر سے احتساب شروع کرے۔ پنجاب کے ایک وزیر کی پیسے لیتے ہوئے ویڈیو موجود ہے اس پر لوگ خاموش کیوں نہیں۔ سارے لوگ نندی پور پاور پروجیکٹ کی باتیں کررہے ہیں۔ 20؍ ارب روپے کا منصوبہ 97؍ ارب روپے تک پہنچ گیا لیکن پھر بھی وہ پاور پروجیکٹ نہیں چل رہا۔ انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کراچی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور سندھ حکومت کی کوششوں کو سراہا گیا۔ کراچی میں حالات قابو میں آچکے ہیں۔ لوگوں میں تحفظ کا احساس اور اعتماد بڑھ رہا ہے۔ بلا امتیاز آپریشن کا مقصد دہشت گردوں، اغواء کاروں، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کا خاتمہ ہے۔ سندھ حکومت کی ہدایت پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جو کوششیں کی ہیں ان کے مثبت نتائج مل رہے ہیں۔ وفاقی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی سندھ حکومت کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button