پاکستان

قانون اور آئین کی حکمرانی ہوگی تو ملک کے مسائل حل ہو جائیں گے,ساجد نقوی

ضرب عضب اور کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے ، وفاق کو ایم کیو ایم کے کراچی آپریشن پر اعتراضات سن کر دور کر نے چاہئیں

شیعہ علما کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد نقوی نے کہا ہے کہ اگر ملک میں قانون اور آئین کی حکمرانی ہوگی تو ملک کے مسائل حل ہو جائیں گے ،نیشنل ایکشن پلان میں بہت سی کمزوریاں باقی ہیں جنکو دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ میرپورخاص کے موقع پر عزاء خانہ زہرہ چاکی پاڑہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ساتھ علامہ محمد علی جروار،علامہ ضیا حیدر نقوی،مولانا نواز سنجرانی اور صغیر حسین نقوی بھی موجود تھے ، علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ ابھی تک ملک میں قانون کا بلا امتیاز نفاذ دیکھنے میں نہیں آرہا ، قانون کے دائرے میں رہ کر نیشنل ایکشن پلان کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ، ضرب عضب ہو یا سندھ میں جاری آپریشن یہ تمام سیا سی جماعتوں کے اتفاق سے شروع ہوئے ہیں، انہیں اپنے منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے،اگر ایم کیو ایم کو کراچی آپریشن پر اعتراضات ہیں تو وفاق کو انہیں سن کر دور کرنا چاہیے ، ان کا کہنا تھا کہ ملک کو جس طرح لوٹا گیا ہے اور اسکینڈل پر اسکینڈل منظر عام پر آرہے ہیں اگر قانون کی بالا دستی قائم ہوتی تو آج یہ صورتحا ل ہمیں دیکھنا نہ پڑتی ، قانون کی حکمرانی تب قائم ہوگی جب بلا امتیاز قانون کا نفاذ ہوگا، اس ملک میں فرقہ واریت کی دکانیں سجائی گئیں اور لوگوں کا قتل عام کیا گیا ، میں ملک میں کسی بھی قتل کو شیعہ سنی فساد کا قتل نہیں سمجھتا یہ صرف قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے اور مسلکوں کے آپس میں اختلافات نہیں ہیں ، ہمیں ایک دوسرے کے مسالک اور نظریات کا احترام کرنا چاہیے ، انہوں نے کہاکہ اس ملک میں جمہوریت کبھی بھی نہیں رہی ، جمہوری تقاضے کبھی بھی پورے نہیں کئے گئے، جمہوریت کے نام پر لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی ، ملک میں آج تک شفاف انتخابات نہیں ہوئے، بلدیاتی انتخابات صاف اور شفاف ہونے چاہئیں، ہم بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اور جمہوریت کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ، انہوں نے کہاکہ ہمارے تمام آپشن ابھی کھلے ہیں بلدیاتی انتخابات میں ہم کسی پینل میں جا سکتے ہیں اور کسی سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور مفاہمت کر سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button