عوام نے خوف کی سیاست کیخلاف مینڈیٹ دے دیا،ثروت قادری
سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عوام نے ہڑتالوں،تشدد اور خوف کی سیاست کے خلاف مینڈیٹ دے دیا ہے ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ،نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک کی دولت لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، لوٹ کھسوٹ کرنے والے ملک وقوم کے مجرم ہیں ،عوا م ملک سے کرپشن ،دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں تاکہ ملک کی معیشت مضبوط اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہو،دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنے کیلئے سخت سے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا ملک سے مکمل خاتمہ ہوسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگا ہ قادری ہاؤس پر معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے یکجا ہونا ہوگا ،حکمران قرضوں کے بجائے ملک کے وسائل پر انحصار کریں ،اتحاد و یکجہتی کی طاقت سے ملک دشمن ہر قوت کا قلع قمع کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں ،اسپتالوں کو سیاست سے پاک کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے ،کراچی آپریشن بہترین نتائج کے ساتھ عوامی امنگوں کے مطابق تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ،کراچی کا پائیدار امن ملک کی ترقی خوشحالی سے جڑا ہے ،بیرونی سرمایہ کاروں کو کراچی سمیت ملک بھر میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ –