پاکستان

لاہور: طالبان کو مالی امداد بھجوانے والے 2 اہم کمانڈرگرفتار

سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے کالعدم تحریک طالبان کو بھاری رقوم بھجوانے والے دو انتہائی مطلوب خطرناک کمانڈرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ پکڑے جانے والوں میں مکرم اور معظم شامل ہیں، جو لاہور پولیس کو اغواء برائے تاوان، ڈکیتی اور بینک لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ سی آئی اے پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 40 لاکھ روپے نقدی اور بھاری مقدار میں بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔ ملزمان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے اور دونوں عرصہ دراز سے لاہور میں مقیم تھے۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اب تک کالعدم تحریک طالبان مطیع الرحمان گروپ کے سربراہ کو 16 کروڑ روپے بھجوا چکے ہیں۔ ملزمان لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں سے اغواء کی واردات کرتے اور بھاری تاوان لے کر مغوی کو رہا کر دیتے تھے۔ دونوں ملزمان کے خلاف متعدد تھانوں میں اغواء برائے تاوان کے مقدمات درج تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری سے کالعدم تحریک طالبان کو شدید دھچکا لگا ہے اور ان کی مالی سپلائی لائن کٹ گئی ہے۔ ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ طالبان لیڈر مطیع الرحمان کی ہدایت پر ہی ڈی آئی خان سے پنجاب آئے تھے اور اسی کی ہدایت پر وارداتیں کر کے اسے رقوم فراہم کرتے تھے۔ دونوں ملزمان نے ایک لمبا عرصہ افغانستان میں گزارا ہے جہاں سے انہیں وارداتیں کرنے کی تربیت بھی دی گئی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button