پاکستان

جی بی انتخابات، نون لیگ اور پیپلز پارٹی بھی ’’رہبر معظم سید علی خامنہ ای‘‘ کی تصاویر کا سہارا لینے لگیں

گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتیں اس انتخابی میدان کو جیتنے کیلئے اپنا بھرپور زور لگا رہی ہیں۔ مسلم لیگ نواز ہو یا پیپلز پارٹی، تحریک انصاف ہو یا مجلس وحدت مسلمین سب ہی جماعتوں کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ روزانہ ریلیاں، جلسے، جلوس گلگت بلتستان کی سڑکوں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے پوسٹرز اور بینرز سے پورے گلگت بلتستان میں انتخابی سیاست کا ماحول سرگرم نظر آتا ہے۔ یہاں کا بچہ، بوڑھا اور جوان غرض تمام عمر کے افراد کسی نہ کسی سیاسی و مذہبی جماعت کی حمایت یا مخالفت کیلئے میدان میں نکلے ہوئے ہیں۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے جہاں اپنے منشور اور نعروں کی تشہیر کا سلسلہ جاری ہے وہیں ایک بات جو خوشی کی بات بھی اور عجیب بھی کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی بھی انتخابات میں جیت کے حصول کیلئے ’’رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای‘‘ کا نام استعمال کر رہی ہیں۔

ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا نام پورے گلگت بلتستان میں جیت کی علامت ہے۔ مجلس وحدت مسلمین اور اسلامی تحریک تو پہلے سے ہی اپنے آپ کو ولی فقیہ کا تابع قرار دیتی ہیں اور اپنی ہر نشر و اشاعت میں رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تصویر کو لازمی جز قرار دیتی ہیں لیکن اس مرتبہ انتخابی مہم میں نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی اپنے پوسٹرز میں رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تصاویر شائع کی گئی ہیں۔ نواز شریف کی ولی امر مسلمین کے ساتھ تصاویر جبکہ آصف زرداری کی بھی ولی امر مسلمین کے ساتھ تصاویر کے پوسٹرز اور پینافلیکس اس انتخابی مہم میں ہر جگہ نظر آرہے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ وہ سیاسی مذہبی جماعتیں جو گذشتہ ادوار میں گلگت بلتستان کی عوام کے حق کو اپنی خواہشات کو پورا کرنے اور کرپشن کا بازار گرم کیلئے بیچ چکے ہیں، کیا رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تصویر کے سہارے انتخابات میں کامیاب ہوجائیں گے۔

نمائندے نے شگر حلقہ6 میں ایک عوامی سروے کیا اور اس حوالے سے لوگوں سے کچھ سوالات کئے، محمد علی شگری نامی شخص کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام رہبر معظم کے حقیقی پیروکاروں کو بہت اچھی طرح پہچانتے ہیں، نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کی یہ حرکت جنگ صفین میں قرآن کا سہارا لینے کے مترادف ہے، لہٰذا گلگت بلتستان کی عوام نہ اہل کوفہ اور نہ اہل شام، یہاں کی عوام حق اور باطل میں تمیز کرتی ہے اور کسی بھی صورت رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دینے والوں کو کامیاب نہیں کرے گی۔ نواز لیگ کے ایک حمایتی نصرت علی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس خطے کی عوام کا اصل محافظ ہے، عوام نواز شریف کو ووٹ دیں تو خطے کی عوام کے درمیان فرقہ واریت کے بیچ کو ختم کرنے میں مدد ملے گی، امت میں اتحاد دیکھنا نواز شریف کی خواہش ہے، نواز شریف دراصل رہبر معظم کی خواہش کو پورا کر رہے ہیں، یہی وجہ کہ اسلامی تحریک بھی نواز شریف کی حمایت کر رہی ہے اور انشاءاللہ نواز لیگ اور اسلامی تحریک مل کر گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنائیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین کے کارکن نذیر حسین کا کہنا ہے کہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا نام انتخابی مہم میں استعمال کرنے والے کسی بھی صورت رہبر معظم انقلاب کی حمایت نہیں رکھتے، الیکشن کو کارکردگی کی بنیاد پر لڑنا چاہیے، انتخابات میں ہر جماعت کو اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابی مہم چلانی چاہیئے۔ رہبر معظم انقلاب کی ذات پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے ایک عظیم نعمت ہے لہٰذا ان کی نام کو سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنے مذموم مقاصد کی انجام دہی کیلئے استعمال کر رہی ہیں، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button