پاکستان

امت مسلمہ کیلئے تنزلی سے نکلنے کا واحد راستہ اقبال کا ’’فلسفہ خودی‘‘ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

علامہ اقبال کے فلسفہ خودی اور عشق رسول اللہ ﷺ سے حقیقی آگہی امت مسلمہ کو تنزلی سے نکالنے کا واحد راستہ ہے۔ عظیم شاعر کے افکار مسلمانوں کی کامیابی و کامرانی کے بہترین درس سے مزین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ ناصر عباس جعفری نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 77ویں یوم وفات کے موقعہ پر مرکزی آفس سے جاری ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے دل میں قوم کا درد تھا، وہ وحدت و اخوت کے داعی تھے، وہ وحدت امت کو سربلندی اسلام کا بنیادی زینہ قرار دیتے تھے۔ عالم اسلام کا اتحاد ان کا دیرینہ خواب تھا، ہم نے ان کے خواب کو عملی شکل دینی اور ان کے درد کو سمجھنا ہے۔ ہمیں ان سازشوں کو آشکار کرنا ہوگا جن کے ذریعے امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کیا جا رہا ہے۔ اقبال نے ہمیشہ بیداری اور خودی کا درس دیا ہے۔ وہ غلامانہ طرز زندگی کو انسانی حمیت و عظمت کے خلاف سمجھتے تھے۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہمیں علامہ کے درس کو سامنے رکھ کر دوست اور دشمن کی پہچان کرنا ہوگی اور خواب غفلت سے جاگ کر اپنی قدر و منزلت کو سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کو صرف برصغیر تک محدود کرنا بددیانتی اور ناانصافی ہے۔ ان کا شمار دنیا کے صف اول کے مفکرین و دانشوروں میں ہوتا ہے۔ آپ نے قوم کے اذہان کو جس انداز سے جھنجوڑا اس کے اثرات متاثر کن ثابت ہوئے۔ علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ دنیا بھر کی بڑی بڑی یونیورسٹیوں میں اس وقت اقبالیات کو بطور مضمون خصوصی طور پر پڑھایا جاتا ہے۔ یہ اس عظیم مفکر کی خدمات کا برملا اعتراف ہے۔ اس وقت اگر ہم اختلافات و انتشار کی سرحدوں سے باہر نکلنا چاہتے ہیں تو پھر اقبال کی تعلیمات کو سہارا بنانا ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button