ایران

دھونس دھمکی میں نہیں آئیں گے: ڈاکٹر روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران نے ملکی ترقی کے لئے جب بھی کوئی فیصلہ کیا تو اس نے الحمد للہ اپنے جوانوں اور سائنس دانوں کی محنت و کوشش اور ان کی رات دن کی فداکاری کی بدولت کامیابی حاصل کی-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی نے آج ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی نویں سالگرہ کے موقع پر تہران میں کہا کہ اس سال ایٹمی ٹیکنالوجی کا دن اسلام کی عظیم خاتون حضرت صدیقہ کبری فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے یوم ولادت کے ساتھ ملا ہوا ہے اور یہ دن علم و دانش میں پیشرفت کے راستے میں ملت ایران کے لئے ایک مبارک دن ہے- صدر مملکت نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران نے ملکی ترقی کے لئے جب بھی کوئی فیصلہ کیا تو اس نے الحمد للہ اپنے جوانوں اور سائنس دانوں کی محنت و کوشش اور ان کی رات دن کی فداکاری کی بدولت کامیابی حاصل کی- ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ بڑی طاقتوں کے متفق یا مخالف ہونے کا ملت ایران کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑا- صدر مملکت نے مزید کہا کہ ملت ایران دباؤ ، پابندیوں اور طاقت کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی- ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ آج دنیا کی سب سے بڑی اقتصادی اور فوج طاقت یعنی امریکہ ایران کے حقائق کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکی ہے اور وہ اس بات کا اعتراف کرتی ہے کہ اسلامی جمہوری نظام کو سرنگوں یا تبدیل نہیں کیا جا سکتا ہے- صدر مملکت نے مزید کہا کہ خطے میں ایک موثر ملک کے طور ایران سب کے نزدیک قابل احترام ہے- صدر مملکت نے کہا کہ ملت ایران نے چودہ برس تک استقامت کی اور اس کے ایٹمی سائنسدانوں نے علمی طاقت اور سفارتکاروں نے سیاسی طاقت کے ساتھ ملت ایران کو مضبوط بنایا- صدر مملکت نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایران کا دنیا والوں سے یہ کہنا ہے کہ اعتدال کے راستے اور گفتگو اور امن و استحکام کی منطق نے پابندیوں کی منطق پر غلبہ حاصل کر لیا ہے اور دنیا ملت ایران کی عزت کرنے کے راستے پر چل پڑی ہے اور اس نے پابندیوں اور دباؤ کے راستے سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے-
ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی تقریب میں صدر مملکت کی موجودگی میں تین ریڈیو میڈیسنز کی رونمائی کی گئی- صدر مملکت نے ایٹمی فیول راڈ اور ماحولیات سے متعلق ایک پراڈکٹ کی بھی رونمائی کی- ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کی مسلسل کامیابیاں ایٹمی ٹیکنالوجی کی بنیاد پر دوسری مصنوعات کی تیاری پر منتج ہوئی ہیں- ان مصنوعات میں سے مختلف طرح کی ریڈیو میڈیسن، اور ایٹمی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بیماریوں سے پاک زرعی اجناس کی پیداوار کی جانب اشارہ کیا جاسکتا ہے- ایرانی محققین نے ریڈیو میڈیسن کی تیاری اور ایٹمی طبی مراکز کے قیام کے ذریعے ایران میں صحت عامہ کی سطح کو بہتر بنانے میں اہم قدم اٹھایا ہے-

متعلقہ مضامین

Back to top button