سعودی جارحیت: جوابی کاروائی سعودی محلوں کے اندر ہو گی

31 مارچ, 2015 00:00

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی حکام کو ان کے محلوں تک جواب دیا جائے گا۔

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کمیٹی کے رکن، ضیف اللہ شامی نے کہا ہے کہ انصاراللہ، سعودی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی اور اس کی کاروائی کی گونج، سعودی حکام اور شہزادوں کے محلوں کے اندر تک سنائی دے گی۔ انہوں نے ایک بیان میں جسے العہد ویٹ نے بھی جاری کیا، المرزق کیمپ پر سعودی بمبار طیاروں کے وحشیانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ سعودی طیاروں نے حجکہ کیمپ پر جو اقوام متحدہ نے سن دو ہزار سات میں ہونے والی جنگ کے بعد قائم کیا تھا، حملہ کرکے اس میں موجود بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک جارحانہ اور سفاکانہ اقدام تھا اور یمن کی فوج اور انقلابی قیادت اس قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔ انصاراللہ کے اس سینیئر رہنما نے یہ بھی کہا کہ سعودی بمبار طیارے، یمن کے نہتے عوام، اس ملک کے کارخانوں اور بنیادی تنصیبات پر حملہ کرکے عوام میں دہشت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یمنی عوام کے پاس بھی مقابلے کی بھرپور صلاحیت اور جوابی کاروائی کے متعدد آپشن موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ضیف اللہ شامی نے عدن کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اس وقت عدن شہر کے صرف ایک محدود علاقے پر انقلاب مخالف عناصر کا قبضہ ہے اور جنوبی یمن کو بہت جلد منصور ہادی کی حامی ملیشیا اور القاعدہ کے دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جائےگا۔ یاد رہے کہ گذشتہ جمعرات سے سعودی عرب نے خلیج فارس تعاون کونسل کے بعض رکن ممالک کے تعاون سے یمن پر بمباری کا سلسلہ شروع کیا ہے جس میں اب تک درجنوں عام شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔

6:14 شام جولائی 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔